کوئٹہ: صوبائی نشست پر ضمنی انتخاب، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کامیاب
کوئٹہ: ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی (ایچ ڈی پی) کے امیدوار قادر نائیل نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ بی پی 26 (کوئٹہ-3) کی نشست جیت لی۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق قادر نائیل جنہیں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی)، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)، جمعیت علماء اسلام (س) اور پاکستان تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی، نے 5 ہزار 272 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مخالف مولانا ولی محمد ترابی کو 4 ہزار 257 ووٹ حاصل ہوئے۔
مزید پڑھیں: ضمنی انتخاب میں مخالف امیدوار افغان باشندہ ہے، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی
متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے مولانا ترابی جمعیت علما اسلام (ف)، بلوچستان نیشنل پارٹی (ایم) جماعت اسلامی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ)، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مشترکہ امیدوار تھے۔
مولانا ترابی نے اسی حلقے سے گزشتہ سال کے عام انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا تاہم ایچ ڈی پی کے سیکریٹری جنرل احمد علی کوہزاد کے ہاتھوں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
تاہم الیکشن کمیشن آف پاکستان نے احمد کوہزاد کو افغان شہری قرار دیتے ہوئے مذکورہ انتخابات کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔
ان کے مخالف کی جانب سے ان کی شہریت کو چیلنج کیا گیا تھا۔
بعد ازاں احمد علی کوہزاد کے خلاف ایک قتل کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔
اس نشست کے لیے انتخاب میں سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں سمیت 18 افراد نے حصہ لیا تھا۔
مجلس وحدت المسلمین کے سابق رکن صوبائی اسمبلی آغاز سید علی رضا نے بھی اس نشست کے لیے ضمنی انتخاب میں حصہ لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں پی بی 26 کا انتخاب کالعدم قرار
سخت سیکیورٹی میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا۔
صبح کے وقت ٹھنڈ کی وجہ سے ووٹرز کا ٹرن آؤٹ کم رہا۔
انتخاب کے تمام 49 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا تھا تاہم کوئی افسوس ناک واقعہ پیش نہیں آیا۔
سیکیورٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے پولنگ اسٹیشنز پر 5 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔
یہ خبر ڈان اخبار میں یکم جنوری 2019 کو شائع ہوئی