مے ویدر نے جاپانی باکسر کو صرف 2منٹ میں ناک آؤٹ کردیا
معروف امریکی باکسر فلائیڈ مے ویدر نے نئے سال کے آغاز سے قبل منعقدہ نمائشی فائٹ میں جاپان کے کک باکسنگ چیمپیئن تینشن ناسوکاوا کو محض دو منٹ میں تکنیکی بنیادوں پر ناک آؤٹ کر کے شکست دے دی۔
جاپان میں نئے سال کے آغاز سے قبل منعقدہ اس فائٹ کا جہاں باکسنگ شائقین کافی شدت سے انتظار کر رہے تھے وہیں ماہرین نے اس فائٹ کو ایک عجیب و غریب مقابلہ قرار دیا تھا کیونکہ مے ویدر باکسنگ کے چیمپیئن ہیں جبکہ ناسوکاوا کک باکسنگ کے چیمپیئن ہیں اور دونوں کھیلوں کے مختلف قوانین کے سبب اس مقابلے کے لیے ریٹائرڈ مے ویدر کو فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا۔
41سالہ مے ویدر کا اپنے سے آدھی عمر کے کک باکسر سے مقابلہ تو تھا لیکن مقابلے کے لیے پہلے سے ہی سخت قوانین مرتب کر دیے گئے تھے اور جاپانی اسٹار کو متنبہ کردیا گیا تھا کہ میچ کے دوران وہ صرف باکسنگ کریں گے اور اگر انہوں نے کک مارنے کی کوشش کی تو انہیں 5ملین ڈالر کا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔