پاکستان

آتش بازی، جشن، دعاؤں کے ساتھ 2019 کا استقبال

کراچی میں نئے سال کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ڈبل سواری پر عائد کی گئی پابندی ہٹا دی۔

آتش بازی، جشن، دعاؤں کے ساتھ 2019 کا استقبال


دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی نئے سال ‘2019’ کا استقبال آتش بازی، جشن، محافل موسیقی، روایتی رقص اور مختلف روایتی انداز میں کیا جارہا ہے۔

کراچی میں سی ویو پر نوجوانوں نے سماں باندھا جبکہ مختلف علاقوں میں کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا۔

لاہور اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی نئے سال کو خوش آمدید کہا گیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر سیکریٹری داخلہ کی جانب سے عائد پابندی ختم کرنے کا حکم دیا۔

کراچی میں نئے سال کا استقبال مختلف انداز میں کیا گیا—فوٹو:اے پی

وزیر اعلیٰ کے مشیر اطلاعات، قانون و اینٹی کرپشن مرتضیٰ وہاب نے نوجوانوں کو کہا کہ نئے سال کی آمد کی خوشی صوبائی حکومت بھرپور طریقے سے منائے گی اور حکومت کی طرف سے ساحل پر آتش بازی کا اہتمام کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ساحل سمندر کو شہریوں کے لیے بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، ساحل سمندر پر جانے کے لیے بلاول ہاؤس اور سعودی قونصل خانے سے جانے والے راستے کھلے ہوں گے اور شہری نئے سال کی خوشیاں آزادانہ طور پر منا سکتے ہیں۔

لاہور میں 2018 کا آخری سورج کے ڈوبنے کے منظر دیکھنے شہری تفریحی مقامات پر جمع ہوئے—فوٹو:اے ایف پی

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سمندر میں نہانے پر پابندی ہے لیکن وہاں جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے تاہم ون ویلنگ، پریشر ہارن اور ہوائی فائرنگ کی مکمل ممانعت ہے۔

لاہور میں نئے سال کے استقبال کے حوالے سے تقریبات رکھی گئیں—فوٹو:اے ایف پی

انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ ساحل کے اطراف ٹریفک کی روانی کو ممکن بنانے کے لیے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔

کراچی میں نئے سال کی آمد کے موقع پرنوجوان نے سی ویو کا رخ کیا—فوٹو:اے پی

ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سیکریٹری داخلہ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ 'آپ نے میری اجازت کے بغیر کیسے نوٹی فیکشن جاری کیا۔'

لاہور میں اسکول کے بچوں نے 2018 کو الوداع اور 2019 کو خوش آمدید کہا—فوٹو:اے پی

وزیراعلیٰ سندھ نے سیکریٹری کو ہدایت کی کہ 'آپ نوٹی فیکشن ختم کرکے رپورٹ کریں۔'

اسلام آباد میں نئے سال کی آمد کی خوشی میں نوجوانوں نے علاقائی رقص پیش کیا—فوٹو:اے پی