کھیل

ثنا میر سال کی بہترین ون ڈے ٹیم میں شامل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سال کی بہترین ون ڈے اور ٹی20 ٹیم کا اعلان کردیا جس میں صرف ایک پاکستانی کرکٹر جگہ بنا سکیں۔

پاکستان ویمن ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سال 2018 کی بہترین ون ڈے ٹیم میں انہیں شامل کر لیا ہے۔

آئی سی سی نے 2018 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرکٹرز پر مشتمل بہترین ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کا اعلان کردیا۔

پاکستانی ویمن کرکٹرز میں صرف ثنا میر ون ڈے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں جبکہ ٹی 20 ٹیم میں کوئی پاکستانی کرکٹرز جگہ نہیں بنا سکی۔

ثنا میر نے رواں سال عمدہ کارکردگی مظاہرہ کیا اور اسی شاندار کارکردگی کی بدولت وہ اس وقت ویمنز ون ڈے کرکٹ میں 663 پوائنٹس کے ساتھ عالمی نمبر ایک باؤلر ہیں۔

لیکن ثنا میر کے سوا کوئی بھی پاکستانی وومن کرکٹر آئی سی سی کی ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم میں جگہ نہ بنا سکی۔

مزید پڑھیں: ثنا میر عالمی نمبر ایک بننے والی پہلی پاکستانی باؤلر بن گئیں

نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس کو ون ڈے اور بھارت کی ہرمن پریت کور کو ٹی 20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

آئی سی سی کی ون ڈے ٹیم میں بھارت، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی دو، دو جبکہ پاکستان، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ایک، ایک وومن کرکٹرز شامل ہیں۔

سال کی بہترین ٹی20 ٹیم میں آسٹریلیا کی چار، بھارت کی تین، نیوزی لینڈ کی دو جبکہ بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی ویمن ٹیم سے ایک ایک کھلاڑی کوشامل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ آئی سی سی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی وومن کرکٹرز کے لیے ایوارڈز کا بھی اعلان کردیا اور بھارت کی سمرتی مندھانا کو سال کی بہترین وومن کرکٹر کے ساتھ ساتھ بہترین ون ڈے پلیئر کا بھی ایوارڈ دیا گیا۔

آسٹریلیا کی ایلیسا ہیلی کو سال کی بہترین ٹی20 کرکٹر قرار دیا گیا جبکہ بہترین ابھرتی ہوئی کھلاڑی کا ایوارڈ سوفی ایکلسٹون لے اڑیں۔