پاکستان

پیمرا نے نجی چینل کے پروگرام پر ایک ماہ کی پابندی عائد کردی

پروگرام پر پابندی اظہار وجوہ کے نوٹسز کی روشنی میں عائد کی گئی جس کا اطلاق یکم جنوری تا 30 جنوری 2019 تک ہوگا۔

اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے قوانین اور کوڈ آف کنڈکٹ کی مسلسل خلاف ورزی پر نیو ٹی وی کے پروگرام 'حرفِ راز' پر 30 دن کی پابندی عائد کردی۔

بیان کے مطابق پیمرا نے 'نیو ٹی وی' پر نشر ہونے والے اوریا مقبول جان کے پروگرام پر پیمرا (ترمیمی) ایکٹ 2007 اور 2018 کی سیکشن 20، پیمرا رولز 2009 کی شق 15(1)، پیمرا الیکٹرانک میڈیا (پروگرام و اشتہارات) ضابطہ اخلاق 2015، آئین پاکستان کے آرٹیکل 5، انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کی سیکشن ڈبلیو اور بلوچستان ہائی کورٹ رٹ پٹیشن کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔

اس پابندی کا اطلاق یکم جنوری تا 30 جنوری 2019 تک ہوگا۔

پیمرا کی جانب سے نیو ٹی وی کو 4 دسمبر 2018 کو نشر ہونے والے پروگرام 'حرفِ راز' میں میزبان اوریا مقبول جان اور جمیل فاروقی کے لائیو کال پر تحریکِ طالبان افغانستان کے ترجمان کے حکومت پاکستان کی خارجہ پالیسی اور قومی سیکیورٹی معاملات کے حوالے سے لیے گئے انٹرویو پر 7 دسمبر کو اظہار وجوہ کا نوٹس بھیجا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کا پیمرا اور پریس کونسل کو ختم کرنے کا فیصلہ

11 اور 12 دسمبر کو مذکورہ پروگرام میں اوریا مقبول جان کی طرف سے 'پشتون' قوم کے خلاف مبینہ طور پر توہین آمیز جملے استعمال کیے گئے تھے، جس پر پیمرا نے چینل کو اظہار وجوہ کا ایک اور نوٹس جاری کیا تھا۔

پروگرام پر پابندی اظہار وجوہ کے ان ہی نوٹسز کی روشنی میں عائد کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اتھارٹی کے احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں چینل کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے، جس کے تحت چینل کا لائسنس معطل یا منسوخ کیا جا سکتا ہے۔