آصف زرداری اجازت دیں تو ایک ہفتے میں حکومت گراسکتے ہیں، بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری ہمیں اجازت دیں تو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت ایک ہفتے میں گراسکتے ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے مقتول رہنما علی رضا عابدی کے گھر اظہار تعزیت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ سندھ کی ترقی نہیں چاہتے وہ سندھ کا وزیر اعلیٰ تبدیل کرنا چاہتے ہیں لیکن یہاں کے عوام ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور پر جھوٹے الزامات لگے ہیں، انہوں نے پہلے بھی 11 سال جیل میں گزارے لیکن ہر کیس میں باعزت بری ہوئے اور اس کیس میں بھی ہوں گے۔
مزید پڑھیں: چیف جسٹس کا سیاستدانوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے فیصلے پر نظرثانی کا حکم
سندھ حکومت کی تحلیل اور گورنر راج کی باتوں پر ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو نہ سیاست آتی ہے اور نہ انہیں ریاضی کا پتہ ہے، میرے پاس سندھ اسمبلی میں 99 نشستیں ہیں اور انہیں حکومت گرانے کے لیے 49 ایم پی ایز کو توڑنا پڑے گا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کے بعد وزیر اعلیٰ اور بجٹ بل پر ووٹ کے لیے 50 فیصد سے زائد ایم پی اے درکار ہوں گے اور یہ خواب ان کا کبھی پورا نہیں ہوسکے گا۔
اس موقع پر انہوں نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ’آصف زرداری ہمیں اجازت اور ایک اشارہ دیں تو ہم ان کی حکومت کو ایک ہفتے میں گرا سکتے ہیں، ان کی تو وفاق میں صرف 6 نشستوں کی برتری ہے، بس آصف زرداری اجازت دیں تو ہم انہیں جیل بھی بھیج سکتے ہیں‘۔
جعلی اکاؤنٹس کی جے آئی ٹی رپورٹ پر ان کا کہنا تھا کہ اس رپورٹ پر قانون کے مطابق ماتحت عدالتوں میں اپنا کیس لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام انتہائی سنجیدہ مسائل کا سامنا کررہے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہماری توجہ ان پر نہیں۔
بلاول بھٹو نے جے آئی ٹی رپورٹ کو جعلی اور جھوٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس رپورٹ میں اپنا کردار ادا کیا اور حکومتی وزیر کئی گھنٹوں تک ایف آئی اے کے پاس بیٹھے رہے۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ حکومت اور جے آئی ٹی کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہوتا جارہا ہے اور پاکستان اور سندھ کے عوام دیکھ رہے ہیں کہ جے آئی ٹی صرف بہانہ ہے اصل نشانہ سندھ حکومت ہے لیکن ہم ان کی ہر سازش کو ناکام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری 5 سال وفاق میں حکومت رہی جبکہ 10 سال سے ہم سندھ حکومت میں ہیں لیکن کیا کسی کو بھی کبھی یہ خبر ملی کہ بلاول بھٹو زرداری نے کرپشن کی ہو، یہ بالکل جعلی رپورٹ ہے اور ہم اسے بے نقاب کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس: ای سی ایل میں شامل 172 افراد کی فہرست جاری
انہوں نے کہا کہ جو لوگ سندھ میں صحت، ہسپتال، پانی، گیس کا نظام بہتر دیکھنا نہیں چاہتے وہ لوگ وزیر اعلیٰ سندھ کی تبدیلی کی باتیں کر رہے لیکن عوام یہ نہیں ہونے دیں گے۔
قبل ازیں انہوں نے علی رضا عابدی سے متعلق بات چیت کرنے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک نوجوان سیاست دان تھے، ان کا قتل انتہائی افسوس ناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست دان عوام کے نمائندے ہوتے ہیں، لہٰذا ہماری توجہ دہشت گردی جیسے سنجیدہ مسائل کے حل پر ہونی چاہیے۔