کھیل

بھارت نے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست دے دی

آسٹریلیا کی ٹیم دوسری اننگز میں261رنزبناکر آؤٹ ہوئی اور137رنز سے شکست ہوئی، بھمراکومیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بھارت نے آسٹریلیا کو 4 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ میں 137 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔

میلبون میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز آسٹریلیا نے 399 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کھیل کا آغاز کیا تو اس کا اسکور 8 وکٹوں پر 258 رنز تھا۔

بارش نے میزبان آسٹریلیا کو یقینی شکست سے بچانے کی امید ضرور پیدا کی تھی لیکن کھانے کے وقفے تک کھیل شروع کر دیا گیا۔

بھارت کے فاسٹ باؤلر بھمرا اور ایشانت شرما نے آسٹریلیا کی باقی ماندہ 2 وکٹوں کو حاصل کرکے باآسانی فتح حاصل کی۔

آسٹریلیا کی جانب سے اس میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پیٹ کمنز 63 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے دن کے پہلے بلے باز تھے جس کے بعد ناتھن لائیون بھی پویلین لوٹ گئے۔

یہ بھی پڑھیں:پجارا کی سنچری، میلبرن ٹیسٹ میں بھارت کی پوزیشن مضبوط

کمنز اور لائیون نے اسکور میں محض 3 رنز کا اضافہ کیا اور یوں پوری ٹیم 399 رنز کے ہدف کو حاصل کرنے کی تگ و دو میں 261 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

لائیون 7 رنز بنا کر شرما کی وکٹ بنے جبکہ ہیزل ووڈ بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر کھڑے رہے۔

بھارت کے بھمرا اور جدیجا نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، محمد شامی اور ایشانت شرما نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

باکسنگ ڈے میچ کی دونوں اننگز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 وکٹیں حاصل کرنے والے بھارتی فاسٹ باؤلر بھمرا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔