صحت

لمبی اور خوش باش زندگی کا حصول بہت آسان

ہارورڈ یونیورسٹی کی اس تحقیق کا آغاز 1938 میں اس وقت کے 268 طالبعلموں کی زندگی کے جائزے سے ہوا۔

کیا آپ اپنی زندگی کو خوش باش بنانا چاہتے ہیں؟ تو یہ بہت آسان اور آپ کے اپنے ہی ہاتھ میں ہے۔

یہ بات امریکا میں 80 سال سے جاری ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ہارورڈ یونیورسٹی کی اس تحقیق کا آغاز 1938 میں اس وقت کے 268 طالبعلموں کی زندگی کے جائزے سے ہوا۔

مزید پڑھیں : زندگی کو بہتر اور خوشگوار بنانے والی 10عام عادتیں

8 دہائیوں بعد محققین نے انکشاف کیا کہ 6 چیزیں انسانی خوشی اور لمبی عمر پر اثرانداز ہوتی ہیں۔

تمباکو نوشی اور الکحل سے دوری

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو لوگ 50 سال کی عمر سے پہلے سیگریٹ نوشی اور الکحل کے استعمال کے عادی ہوتے ہیں ان کا بڑھاپا صحت مند نہیں ہوتا، ایسے افراد میں کسی بھی وجہ سے قبل از وقت موت کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔

اچھی تعلیم

تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ حیران کن نہیں کہ جو لوگ زیادہ تعلیم یافتہ ہوتے ہیں وہ عام طور پر بڑھاپے میں دیگر کے مقابلے میں زیادہ صحت مند بھی ہوتے ہیں، تحقیق کے مطابق کالج تک تعلیم حاصل کرنے والے افراد اپنی صحت کا خیال زیادہ رکھتے ہیں جس کی وجہ انہیں مختلف چیزوں کے نقصانات سے آگاہی ہونا ہے۔

خوش باش بچپن

تحقیق کے مطابق کسی بچے کے اچھے مستقبل کا انحصار والدین کے سماجی رتبے سے نہیں ہوتا بلکہ اس بات پر ہوتا ہے کہ ماں نے انہیں کتنی محبت فراہم کی۔ محققین نے بتایا کہ والدین کی محبت بچوں کی زندگی کو بہتر بناتی ہے اور انہیں نوجوانی میں مشکلات میں سامنا کرنے کی ہمت بھی دلاتی ہے۔

دوستوں اور رشتے داروں سے اچھا تعلق

تحقیق کے مطابق دوستوں اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنا زندگی میں خوشی کے سب سے بڑے ذرائع میں سے ایک ہے، رشتوں کی اہمیت ہمارے تصور سے بھی زیادہ ہوتی ہے سماج سے کٹا ہونے کا احساس آپ کو احمق بنانے کے ساتھ ہلاک بھی کرسکتا ہے، کیونکہ تہنائی امراض قلب، فالج اور ذیابیطس جیسے جان لیوا امراض کا سبب بن سکتی ہے، دوست ہماری زندگی کو بہتر بنانے کی کنجی ہوتے ہیں، ان کے ساتھ اچھی خبروں کا تبادلہ اور جوش تعلقات کو بہتر بناتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : زندگی میں اصل خوشی کی کنجی

مشکلات پر قابو پانے کی صلاحیت

محققین کا کہنا تھا کہ جو لوگ مشکلات میں گھبرا کر ہمت ہارنے یا سخت رویہ اپنانے کی بجائے زیادہ باشعور انداز فکر جیسے مزاح کو اپناتے ہیں، ان کے لیے زندگی میں آگے بڑھنا آسان ہوتا ہے اور وہ ڈپریشن جیسے مرض کے خطرے سے بھی بچتے ہیں۔

دوسروں کی مدد

تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ اپنی زندگی بہتر کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ اپنے ارگرد موجود افراد کی مدد پر توجہ مرکوز کریں، اچھی زندگی کی تعمیر کریں، اپنے آپ پر توجہ دیں اور پھر دوسروں کو بھی وہی سب کچھ فراہم کریں۔