پاکستانی بیٹنگ پھر ناکام، جنوبی افریقہ کو فتح کیلئے 149رنز کا ہدف
جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ڈوان اولیویئر کی تباہ کن باؤلنگ کے سبب پاکستانی ٹیم 190 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور جنوبی افریقہ کو میچ میں فتح کے لیے 149رنز کا ہدف دیا ہے۔
سنچورین میں جاری تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جنوبی افریقہ نے 127 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو ٹیمبا باووما اور ڈیل اسٹین وکٹ پر موجود تھے۔
بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز محمد عامر نے نائٹ واچ مین ڈیل اسٹین 23 رنز بنانے کےبعد 146 کے اسکور پر آؤٹ کردیا۔
اس وکٹ ساتھ ہی ایسا محسوس ہورہا تھا کہ جنوبی افریقہ پاکستان کے پہلی اننگز کے مجموعے تک بھی نہیں پہنچ سکے گی، تاہم کوئنٹن ڈی کوک نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے میں مدد دی۔
وکٹ کے دوسری جانب پاکستان باؤلرز نے اپنا دباؤ بنا کر رکھا اور پوری ٹیم 223 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹیمبا بووما 53 اور کوئنٹن ڈی کوک 45 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور شاہین آفریدی نے 4، 4 جبکہ حسن علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 181 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ جنوبی افریقہ کو پاکستان کے کم اسکور کے باوجود صرف 42 رنز کی ہی برتری حاصل ہوسکی۔
سنچورین میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 42 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو پہلی انگز کی نسبت اوپننگ بلے بازوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔