کھیل

اسٹین کا نیا ریکارڈ، جنوبی افریقہ کے کامیاب ترین فاسٹ باؤلر بن گئے

ڈیل اسٹین نے شان پولاک کا ریکارڈ توڑتے ہوئے جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین نے نئی تاریخ رقم کردی اور وہ جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینےوالے باؤلر بن گئے ہیں۔

ڈیل اسٹین نے رواں سال جنوری میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں سابق عظیم جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر شان پولاک کا ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے ملک کی جانب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ برابر کردیا۔

شان پولاک نے 108 ٹیسٹ میچوں میں 421 وکٹیں حاصل کیں اور وہ 10سال تک جنوبی افریقی تاریخ کے کامیاب ترین فاسٹ باؤلر تھے۔

ڈیل اسٹین کو ہم وطن عظیم باؤلر کا ریکارڈ توڑنے کے لیے مزید محض ایک وکٹ درکار تھی لیکن انجری مسائل کے سبب انہیں یہ ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لیے دسمبر تک انتظار کرنا پڑا۔

پاکستان کے خلاف سنچورین میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں اسٹین نے میچ کے 7ویں اوور میں فخر زمان کو آؤٹ کر کے کامیاب ترین جنوبی افریقی باؤلر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

35سالہ اسٹین کے ریکارڈ کی خاصیت یہ ہے کہ انہوں نے پولاک کے مقابلے میں 20 ٹیسٹ میچ کم کھیل کر یہ ریکارڈ بنایا اور 88ویں ٹیسٹ میچ میں 422ویں وکٹ حاصل کی۔