پاکستان

نہرو سمیت دیگر سیاسی رہنما میرے قائد کے قریب بھی نہیں بھٹک سکتے، چیف جسٹس

جنہوں نے اپنی زندگی پرکھیل کر ملک بنایا،ہم ان کی یاد چھٹی کرکے مناتے ہیں، جامعات کی قانونی حیثیت سےمتعلق کیس میں ریمارکس

لاہور: چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے ہیں کہ ہم آج کام کرکے قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں، نہرو سمیت دیگر سیاسی رہنما میرے قائد کے قریب بھی نہیں بھٹک سکتے۔

یوم قائد کی چھٹی کے باوجود سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بینچ نے نجی جامعات کی قانونی حیثیت سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ وزراء عدالت میں پیش ہو کر نجی جامعات کی منظوری سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کریں۔

مزید پڑھیں: بانی پاکستان کا 143واں یومِ ولادت عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

اس پر سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نجی جامعات کی قانونی حیثیت سے متعلق کمیٹیز تشکیل دے دی ہیں، ان کمیٹیز کا اجلاس 28 دسمبر کو ہوگا، جس میں نجی جامعات کے معاملات زیر غور آئیں گے۔

سرکاری وکیل کے جواب پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ کمیٹیاں سالہا سال کام کرتی رہیں گی، ہمیں تو حتمی رپورٹ درکار ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ وزرا کو بلا لیں، یہاں کام کریں، یوم قائد اعظم کی چھٹی نہ منائیں، قائد اعظم نے کہا تھا کہ کام، کام اور بس کام۔

یہ بھی پڑھیں: قائدِ اعظم کی جائے پیدائش: اوریجنل یا چائنا؟

انہوں نے ریمارکس دیے کہ جنہوں نے اپنی زندگی پر کھیل کر یہ ملک بنایا، ہم ان کی یاد چھٹی کرکے مناتے ہیں، ہم 25 دسمبر تو منالیتے ہیں اور گھر بیٹھ جاتے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہم آج کام کرکے قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں، نہرو سمیت دیگر سیاسی رہنما میرے قائد کے قریب بھی نہیں بھٹک سکتے۔

بعد ازاں عدالت نے نجی جامعات کی قانونی حیثیت سے متعلق کیس میں وزیر قانون اور وزیر صحت کو آج ہی طلب کرلیا۔