پاکستان

بانی پاکستان کا 143واں یومِ پیدائش عقیدت و احترام سے منایا گیا

قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، صدر و وزیراعظم کا قوم کے نام خصوصی پیغام

پاکستان میں آج بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 143 واں یومِ پیدائش عقیدت و احترام سے منایا گیا۔

آج کے دن کی مناسبت سے ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں عام تعطیل کا بھی اعلان کیا گیا۔

اس سلسلے میں صبح سویرے مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاک و چوبند دستے نے پاک فضائیہ کی جگہ گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

تقریب میں فاتحہ خوانی کی گئی اور مزار قائد پر پھول چڑھا کر بانی پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جبکہ آج کے دن کی مناسبت سے مختلف ادارے اور تنظیموں نے خصوصی تقریبات کا انعقاد بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: قائد اعظم کی زندگی کے گمشدہ اوراق

گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بانی پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے بابائے قوم کے مزار پر حاضری دی۔

اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام اپنا خصوصی پیغام بھی جاری کیا۔

قائد نے برصغیر کے مسلمانوں کو قوم کی صورت متحد کیا، صدرِ مملکت

صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک قوم کی صورت میں متحد کیا اور ان کے لیے ایک آزاد وطن حاصل کیا جہاں وہ اپنی ثقافت و رسومات کے تحت زندگی بسر کرسکیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قائداعظم کے فرمان آج بھی اسی طرح قابلِ عمل ہیں جس طرح 7 دہائی قبل تھے ہمیں ان کے بتائے ہوئے اصولوں ’اتحاد، یقین اور تنظیم‘ پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: کون سے قائد اعظم؟

صدر مملکت نے قوم کو تاکید کی کہ آج ہم صرف بابائے قوم کو خراجِ عقیدت ہی پیش نہیں کررہے بلکہ اپنے تصورات بھی ان کی تعلیمات کی روشنی میں ڈھالیں گے۔

انہوں نے قوم کو دعوت دی کہ آیئے آج عہد کرتے ہیں کہ ہم قائد کے وژن کے تحت اپنے عظیم ملک کی خدمت کے لیے انفرادی اور اجتماعی طور پر انتھک محنت کریں گے۔

ماضی کی غلطیاں نہ دہرانے کا عزم کرناہوگا، وزیراعظم

دوسری جانب قائداعظم کے یومِ پیدائش کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں ماضی کی غلطیاں نہ دہرانے اور قائد اعظم کے افکار کو حقیقت میں ڈھالنے کے لیے ایک متحد قوم کی حیثیت سے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر ان کے بتائے گئے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ملک کو حقیقی فلاحی، ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست بنانا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ 'جنابِ قائد کا تصورِ پاکستان ایک جمہوری، عادل اور شفیق مملکت کا تصور تھا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ سب سے بڑھ کر یہ کہ قائد اعظم اقلیتوں کو برابر کا شہری بنانا چاہتے تھے، ہمیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ سیاست کے ابتدائی زمانے میں دنیا ہمارے قائد کو "ہندو مسلم اتحاد" کے سفیر کے طور پر پہچانتی تھے۔

ملک کو خوشحال بنانے کیلئے قائدِ اعظم کے نقشِ قدم پر چلنا چاہیے، اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی میں کا بھی بانی پاکستان محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر قومی کو پیغام دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ہرپاکستانی کو معاشرے میں ایک با وقار مقام حا صل کرنے اور پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کے لیے قا ئداعظم کے نقش قد م پر چلنا چا ہیے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح 20ویں صدی کے عظیم رہنما اور مسلم امہ کے اتحاد کی علا مت تھے، انہوں نے جو کا رنا مہ سرانجام دیا تاریخ اس کا متوازی پیش کرنے سے اب بھی قاصر ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا یہ بھی کہنا تھا کہ قدرت نے قا ئد اعظم کو قائدانہ، خود اردی، پختہ عزم اور صا ف گوئی کی غیر معمولی صلا حیتوں سے نوازا تھا جن کی بدولت انہوں نے ان سامراجی قوتوں کو شکست دی۔

قائدِ اعظم مساوات کے علمبدرار تھے، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اپنے پیغام میں قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان ایک جمہوریت پسند شخصیت کے مالک تھے اور وہ مساوات کے ساتھ ساتھ سماجی انصاف کے علمدار بھی تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائدِاعظم دیانتداری، صا ف گوئی اور انسانی اقدار اور شخصی آزادی پر یقین رکھتے تھے اور سماجی و معاشی انصاف کے داعی تھے۔

ہم بحیثیت قوم قائدِ اعظم کے احسان مند ہیں، اپوزیشن لیڈر

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے قائدِ اعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش پر پیغام میں کہا کہ برِصغیر کے مسلمانوں کے لیے پاکستان ایک مقدس امانت ہے اور اس کی حفاظت ہم پر فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے جمہوری جدوجہد کا ہمیں درس دیا ہے، ہم اس پر کاربند رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں جبکہ ان کے مشن کو پاکستان مسلم لیگ (ن) پایہ تکمیل تک پہچانے کے لیے تن، من، دھن لگائے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بابائے قوم نے اپنی سوچ اور فکر سے ہمارے لیے واضح راہ عمل متعین کردی ہے، اس پر کاربند ہوکر ہی ہم ان اہداف کو حاصل کرسکتے ہیں جن کے لیے پاکستان وجود میں آیا تھا۔

انہوں نے بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بحیثیت قوم ان کے احسان مند ہیں کیونکہ قائدِ اعظم کی ولولہ انگیز، مخلص اور بصیرت افروز قیادت ہی تھی جس نے بکھرے اور مایوس مسلمانوں کو منزل تک پہنچایا۔