انڈونیشیا: سونامی سے ہلاکتوں کی تعداد 373 ہوگئی، مزید لہروں کے آنے کا خدشہ
جکارتہ: انڈونیشیا کے آبنائے سندا کے ساحلی علاقے میں آتش فشاں پھٹنے کے بعد آنے والے سونامی کے نتیجے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 373 تک جا پہنچی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق انڈونیشیا کی قومی ڈیزاسٹر ایجنسی کا کہنا ہے کہ سونامی کے نتیجے میں 373 افراد کے ہلاک ہونے کے علاوہ ایک ہزار 400 سے زائد زخمی بھی ہوئے۔
جنوبی سماترا اور مغربی جاوا میں آنے والے سونامی کے بعد سے 128 افراد لاپتہ بھی ہے جن کی تلاش جاری ہے۔
خوفناک سونامی سے متاثرہ علاقوں میں سیکٹروں عمارتیں جزوی اور مکمل طور پر تباہ ہوگئیں، جن کے ملبے سے لاشیں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اب بھی متعدد افراد زمین بوس عمارتوں کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں۔
آبنائے سندا کے اطراف کے علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں بھاری مشینری کی مدد سے امدادی کارروائیاں کر رہی ہیں اور ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔