لائف اسٹائل

فلم 'زیرو' ناکام قرار پانے کے قریب؟

'زیرو' شاہ رخ خان کے کیرئیر کی منفرد فلم ہے مگر ناقدین کے بعد لگتا ہے کہ عام لوگوں نے بھی اسے کچھ زیادہ پسند نہیں کیا۔

'زیرو' بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے کیرئیر کی منفرد فلم ہے مگر ناقدین کے بعد لگتا ہے کہ عام لوگوں نے بھی اسے کچھ زیادہ پسند نہیں کیا۔

کم از کم فلم کے 2 دن کے بزنس سے کچھ ایسا ہی محسوس ہوتا ہے۔

جمعے کو ریلیز ہونے والی فلم نے پہلے دن 20.14 کروڑ بھارتی روپے کمائے تھے جو کہ 4800 اسکرین پر ریلیز ہونے والی فلم کے لیے کافی مایوس کن ہے جبکہ شاہ رخ خان ، کترینہ کیف اور انوشکا شرما جیسے اسٹارز سے سجی اس کہانی سے توقع تھی کہ وہ پہلے دن 30 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب رہے گی۔

مزید پڑھیں : فلم زیرو لوگوں کی توقعات پر کس حد تک پورا اترنے میں کامیاب رہی؟

اور یہ بزنس اس لیے بھی کم ہے کیونکہ زیرو کے ساتھ کوئی اور فلم ریلیز نہیں ہوئی تھی۔

فلم کا دوسرا دن پہلے سے بھی زیادہ مایوس کن رہا جب یہ صرف 18.22 کروڑ بھارتی روپے ہی کماسکی۔

مجموعی طور پر یہ فلم 2 دن میں 38.36 کروڑ روپے کماچکی ہے تاہم کرسمس تک تعطیلات کے باعث توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں بہتری نظر آسکتی ہے۔

خیال رہے کہ فلم کے حوالے سے ناقدین اور ناظرین کی جانب سے ملی جلی رائے سامنے آئی تھی مگر پروڈیوسرز کو توقع ہے کہ اتوار اور کرسمس کے موقع پر بزنس بہتر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : ’حسنِ پرچم‘ لہراتی ببیتا کماری

اس فلم کو بیشتر ناقدین نے ایک سے 3 اسٹارز دیئے تھے جس میں اداکاروں کو تو سراہا گیا مگر فلم کی کہانی کو ناقص اور سب سے بڑی کمزوری قرار دیا تھا۔

ایک ریویو میں تو کہا گیا تھا کہ اسے دیکھتے ہوئے آپ ایسا محسوس کریں گے جیسے دو مختلف فلموں کو پہلے اور دوسرے ہاف میں دیکھ رہے ہیں جو کہ ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں۔