نواز شریف کو ہر قیمت پر سزا ہوگی، جاوید ہاشمی
ملتان: سینیئر سیاست دان جاوید ہاشمی نے پیش گوئی کی ہے کہ نواز شریف کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر فلیگ شپ اور العزیزیہ کیس میں سزا ہوگی کیونکہ ’ادارے ان کے خلاف کیسز کو غلط ثابت نہیں ہونے دیں گے‘۔
اپنی رہائش گاہ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب کا مقصد سیاستدانوں سے ان کی وفاداریاں تبدیل کروانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’اگر نواز شریف کو سزا ہوئی تو میں یہ فیصلہ منظور نہیں کروں گا‘۔
مزید پڑھیں: نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز پر فیصلہ محفوظ
صوبہ جنوبی پنجاب بنانے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ آخری مراحل میں ہے اور صرف پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے یو ٹرن کی وجہ سے یہ کام رک سکتا ہے تاہم اس معاملے پر حکومت کے لیے یو ٹرن لینا آسان نہیں ہوگا۔
شہباز شریف کے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے مطالبے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے اس کی پہلے ہی پیش گوئی کردی تھی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’پارلیمنٹ میں تقریباً تمام جماعتوں نے اس کی حمایت کا اعلان کردیا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سربراہ بننے کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے خود اپنے پروڈکشن آرڈر دے سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: العزیزیہ، فلیگ شپ ریفرنسز: نواز شریف کی فیصلے کا دن بدلنے کی درخواست
انہوں نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان دنیا بھر میں تقاریر کر رہے ہیں تاہم قومی اسمبلی کے اجلاس سے غائب ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان پارلیمانی نظام کے بجائے صدارتی نظام کی حمایت کرتے ہیں وہ اس قابل ہی نہیں کہ اسمبلی میں سوالات کا جواب دے سکیں‘۔
جاوید ہاشمی نے کہا کہ میڈیا کو سینسر شپ جبکہ میڈیا انڈسٹری کو منافع بخش بنانے والے ملازمین کو نوکریوں سے نکالا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میڈیا ورکرز کو یا تو نوکریوں سے نکالا جارہا ہے یا ان کی تنخواہ کاٹی جارہی ہے، میڈیا کی آزادی کے لیے جدو جہد کرنے والے افراد کی تعداد میں کمی آرہی ہے‘۔
یہ خبر ڈان اخبار میں 23 دسمبر 2018 کو شائع ہوئی