کھیل

دورہ جنوبی افریقہ کا کامیاب آغاز، پاکستان کی ٹور میچ میں فتح

پاکستان نے حارث سہیل اور امام الحق کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ٹور میچ میں چھ وکٹوں سے فتح حاصل کی۔

پاکستان نے امام الحق اور حارث سہیل کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت کرکٹ جنوبی افریقہ انوی ٹیشن الیون کو ٹور میچ میں شکست دے کر دورہ جنوبی افریقہ کا کامیابی سے آغاز کر لیا۔

بینونی میں کھیلے گئے سہ روزہ میچ میں میزبان ٹیم نے 45رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو 62 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے وہ تین وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔

کپتان مارکس ایکرمین نے نیل برینڈ کے ساتھ مل کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن اظہر علی نے بابر اعظم کی مدد سے ایکرمین کی 32رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

دوسری اینڈ سے برینڈ نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور اونکے نیاکو کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے 47رنز جوڑے البتہ اسی اسکور پر برینڈ 71 رنز بنانے کے بعد محمد عامر کی وکٹ بن گئے۔

نیاکو 37 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ 182 کے اسکور پر شاہین شاہ آفریدی نے کائل سمنڈز کی وکٹ حاصل کی تو میزبان ٹیم نے 182رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا اور پاکستان کو فتح کے لیے 195 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز شان مسعود اور امام الحق نے ٹیم کو 8 اوورز میں 42رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کر کے فتح کی بنیاد رکھی۔

شان مسعود 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ فخر زمان کی اننگز بھی 18 رنز تک محدود رہی لیکن اس کے بعد امام الحق اور حارث سہیل میزبان ٹیم کے خلاف ڈٹ گئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے 96رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا خصوصاً حارث سہیل کا انداز جارحانہ تھا جنہوں نے تمام میزبان باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب امام الحق 10 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ فہیم اشرف صرف 7رنز بنا سکے۔

لیکن پاکستان کو فتح کے حصول میں کوئی دشواری پیش نہ آئی اور اس نے دن کے اختتام سے 8اوورز قبل ہی ہدف حاصل کر کے میچ میں 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔

حارث سہیل نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 87 گیندوں پر 10 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 73رنز بنائے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 26دسمبر سے سنچورین میں کھیلا جائے گا۔