صنفی مساوات کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا دوسرا بدترین ملک قرار
اسلام آباد: عالمی اقتصادی فورم (ڈبلیو ای ایف) کی عالمی سطح پر صنفی تفاوت کے حوالے سے پیش کی گئی فہرست برائے سال 2018 میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستان صنفی مساوات کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا بدترین ملک اور 149 ممالک کی فہرست میں 148ویں درجے پر موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق مصر، سعودی عرب، یمن اور پاکستان دنیا کے وہ 4 بدترین کارکردگی والے ممالک ہیں جہاں انتظامی عہدوں پر براجمان خواتین کی تعداد سب سے کم ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا میں سب سے نچلے درجے پر فائز پاکستان میں مجموعی طور پر صنفی مساوات کی شرح 55 فیصد ہے جبکہ اس کے مقابلے میں بنگلہ دیش اور سری لنکا ، جو خطے میں سب سے بہتر کارکردگی دکھانے والے ممالک ہیں، میں یہ تناسب بالترتیب 72 اور 68 فیصد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صنفی تفاوت کے اعتبار سے پاکستان کہاں کھڑا ہے؟
جینیوا میں موجود ادارے کی سالانہ رپورٹ میں 149 ممالک کے 4 شعبہ جات کا جائزہ لیا گیا جس میں تعلیم ، صحت، اقتصادی مواقع اور سیاسی اختیارات شامل تھے۔