سائنس و ٹیکنالوجی

دنیا کا پہلا 48 میگاپکسل بیک کیمرے والا اسمارٹ فون متعارف

ہیواوے کے اس نئے فون کی خاص بات اس کا ڈسپلے نہیں بلکہ بیک پر موجود 48 میگا پکسل کیمرے کی موجودگی ہے۔

ہیواوے نے اپنا پہلا ان ڈسپلے کیمرہ فون نووا 4 متعارف کرا دیا ہے جو کہ دیکھنے میں سام سنگ گلیکسی اے 8 جیسا لگتا ہے جو گزشتہ ہفتے سامنے آیا تھا۔

تاہم ہیواوے کے اس نئے فون کی خاص بات اس کا ڈسپلے نہیں بلکہ بیک پر موجود 48 میگا پکسل کیمرے کی موجودگی ہے۔

مزید پڑھیں : سام سنگ اور ہیواوے کے درمیان دلچسپ جنگ

جی ہاں یہ دنیا کا پہلا اسمارٹ فون ہے جس میں 48 میگا پکسل کیمرہ دیا گیا ہے۔

چین میں متعارف کرائے جانے والے فون میں 6.4 انچ کا ایف ایچ ڈی پلس ڈسپلے دیا گیا ہے جس میں ان ڈسپلے فرنٹ کیمرے کی وجہ سے بیزل نہ ہونے کے برابر ہیں اور اسکرین اسپیکٹ ریشو 19:5:9 ہے۔

اس میں ہیواوے کا اپنا کیرین 980 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ اینڈرائیڈ 9 پائی کا امتزاج کمپنی نے اپنے آپریٹنگ سسٹم ای ایم یو آئی 9 سے کیا ہے۔

3750 ایم اے ایچ بیٹری سے لیس فون کو 18W فاسٹ چارجنگ سپورٹ بھی دی گئی ہے۔

فوٹو بشکریہ ہیواوے

فون میں فنگرپرنٹ سنسر بیک پر موجود ہے جبکہ فرنٹ کیمرے میں فیس ان لاک کا فیچر بھی موجود ہے۔

8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے تاہم اس میں ایس ڈی کارڈ سپورٹ موجود نہیں۔

یہ فون 2 ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے اور دونوں میں بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے۔

تاہم ایک ورژن میں بیک پر پرائمری کیمرہ 48 میگاپکسل سونی آئی ایم ایس 586 سنسر سے لیس ہے جبکہ اس کے ساتھ 16 میگا پکسل اور 2 میگا پکسل کیمرے دیئے گئے ہیں۔

دوسرے ورژن میں 48 میگاپکسل کی جگہ 20 میگاپکسل کا پرائمری کیمرہ ہے باقی دونوں کیمرے 16 اور 2 میگاپکسل کے ہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ہیواوے کی نووا سیریز کے 2 فونز اب پاکستان میں دستیاب

فرنٹ پر نووا 4 میں 25 میگاپکسل کیمرہ اے آئی بیوٹی سپورٹ اور اے آر اسٹیکرز کے ساتھ دیا گیا ہے۔

اس کے 20 میگاپکسل پرائمری کیمرے والا ورژن 3099 یوآن (62 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 48 میگاپکسل کیمرے والا فون 3399 یوآن (68 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

یہ پاکستان میں کب تک آئے گا، اس حوالے سے فی الحال کمپنی نے کوئی اعلان نہیں کیا۔