کھیل

بیلجیئم پہلی مرتبہ ہاکی کا عالمی چیمپئن بن گیا

پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 2-2 سے اسکور برابر ہونے پر سڈن ڈیتھ سیشن میں بیلجیئم نے نیدرلینڈز کو 2-3 سے شکست دی۔

ہاکی ورلڈ کپ 2018 کے فائنل میں بیلجیئم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ورلڈ کپ کی 3 مرتبہ فاتح ٹیم نیدر لینڈز کو شکست دے کر ہاکی کا نیا عالمی چیمپئن بن گیا۔

بھارت کے شہر بھونیشور میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں بیلجیئم کی ٹیم نے نیدرلینڈز کی ٹیم کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں 2-3 سے شکست دی۔

میچ کے مقررہ وقت 60 منٹ میں دونوں ٹیموں میں سے کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہیں کرسکی جس کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر مقابلہ ہوا۔

پنالٹی شوٹ آؤٹ میں نیدرلینڈز نے پہلے گول کرنے کا موقع حاصل کیا اور جیرون ہیرٹز ٹیم کے لیے ایک گول اسکور کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

جس کے بعد بیلجیئم کی جانب سے آرتھر ڈورن نے پوزیشن سنبھالی لیکن گول کرنے میں ناکام ہو گئے۔

نیدر لینڈز کے مائیکرو رائسر اور بیلجیئم کے فیلکس ڈینائیر پنالٹی شوٹ آؤٹ کیے لیکن گول کرنے میں ناکام ہوگئے۔

اس کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ کا تیسرا گول نیدرلینڈز کے جوناس ڈی گیوس نے کیا جس کے بعد اسکور 0-2 ہوگیا۔

بیلجئم نے تیسرے گول کے لیے پوزیشن سنبھالی تو فلورنٹیو ٹیم کو پہلا گول دلانے میں کامیاب ہوگئے۔

نیدر لینڈز کی جانب سے سیو نے گول کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام ہوئے لیکن بیلجیئم کے وکٹر ویگنیز نے ٹیم کے لیے دوسرا گول اسکور کیا جس کے بعد میچ 2-2 سے برابر ہوگیا۔

تاہم ، پینالٹی شوٹ آؤٹ کے آخری موقع میں مقابلہ مزید سخت ہوا اور نیدر لینڈز کے تھیجس وان ڈیم اور بیلجیم کے آرتھر نے گول ضائع کردیے جس کے بعد میچ 2-2 سے برابر رہا۔

پنالٹی شوٹ پر بھی میچ کا فیصلہ نہیں ہوسکا جس کے باعث پنالٹی شوٹ آؤٹ کا سڈن ڈیتھ سیشن ہوا جس میں نیدر لینڈز گول نہیں کرسکا اور بیلجیئم کے کھلاڑی نے گول کرکے ٹیم کو پہلی مرتبہ ہاکی ورلڈ کپ میں کامیابی دلا کر نیا عالمی چیمپئن بنادیا۔

اس سے قبل ہاکی ورلڈ کپ 2018 کی تیسری پوزیشن کے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 1-8 سے شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بیلجیئم نے انگلینڈ کو 0-6 کی عبرتناک شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی ۔