ٹنڈو محمد خان: 'شہید بینظیر بھٹو کارڈیک سینٹر' میں پہلی اوپن ہارٹ سرجری
کراچی: صوبہ سندھ کے علاقے ٹنڈو محمد خان میں قائم قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کے چوتھے سیٹلائٹ یونٹ 'شہید محترمہ بینظیر بھٹو کارڈک سینٹر ہسپتال' میں باقاعدہ اوپن ہارٹ سرجری کا آغاز کردیا گیا جبکہ یہاں بچوں کے لیے پیڈیاٹرک کارڈیالوجی وارڈ کا قیام بھی عمل میں لایا جاچکا ہے۔
این آئی سی وی ڈی کے ٹنڈو محمد خان میں قائم چوتھے سیٹلائٹ یونٹ میں پہلی اوپن ہارٹ سرجری سے متعلق منعقدہ تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے میڈیا کو بتایا کہ ٹنڈو محمد خان میں قائم سیٹلائٹ ہسپتال میں اوپن ہارٹ سرجری کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ آئندہ سال بچوں کے لیے پیڈیاٹرک سرجری کا باقاعدہ آغاز کردیا جا ئے گا۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں پہلی مرتبہ مصنوعی دل کی کامیاب پیوند کاری
انہوں نے کہاکہ ٹنڈو محمد خان کے سیٹلائٹ ہسپتال میں ٹھٹھہ، تھر ، بدین، ماتلی و دیگر ملحقہ علاقوں سے لوگ علاج کے لیے آرہے ہیں جبکہ اس سینٹر میں ان کا علاج جاری ہے۔
پروفیسر ندیم قمر کا مزید کہنا تھا کہ ٹنڈو محمد خان کے سیٹلائٹ ہسپتال میں بچوں کا علاج بھی کیا جارہا ہے کیونکہ مضافاتی علاقوں سے بچوں کی تعداد زیادہ آرہی ہے لہذا فیصلہ کیا گیا ہے کہ یہاں پر پیڈیاٹرک وارڈ کا قیام فوری طور پر عمل میں لایا جائے، ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹنڈو محمد خان کے سیٹلائٹ ہسپتال میں پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری بھی بہت جلد شروع کردی جائے گی۔