پاکستان

پیمرا کی بھی چینلز کو 'مثبت خبروں' کو فروغ دینے کی ہدایت

کئی دفعہ ہدایات جاری کیے جانے کے باوجود چند چینلز اپنے پرائم ٹائم میں جرائم کی خبروں کو فوقیت دیتے ہیں، پیمرا

پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تمام سیٹلائٹ نیوز چینلز اور کرنٹ افیئرز چینلز کو تجویز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی منفی تصویر پیش کرنے اور جرائم اور منفی امور پر خصوصی کوریج کرنے کے بجائے ملک میں مثبت خبروں کو ترجیح دیں اور صحت مند معاشرے کو فروغ دیں۔

تجویز میں کہا گیا کہ کئی دفعہ ہدایات جاری کیے جانے کے باوجود چند چینلز اپنے پرائم ٹائم میں جرائم کی خبروں کو فوقیت دیتے ہیں۔

مزید پڑھیں: کارٹون پروگرامز میں نامناسب مواد، پیمرا نے نوٹس لے لیا

ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے چھوٹے جرم کو بھی میڈیا میں بار بار دکھایا جاتا ہے اور اس بات کو مد نظر نہیں رکھا جاتا کہ یہ عوام پر کیسے اثر انداز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ لائسنس رکھنے والے سیٹیلائٹ ٹی وی چینلز کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ان کے چینل پاکستان کی حدود سے باہر دنیا بھر میں دیکھے جاتے ہیں اور ان کے اس کام سے بیرون ممالک میں بھی پاکستان کی منفی تصویر جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیمرا کو ٹی وی چینلز کی ریٹنگ جاری کرنے کا اختیار دے دیا گیا

تجویز میں یہ بتایا گیا کہ اس طرح کی خبریں دکھانے سے انسانی رویے پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ٹرینڈ کے خلاف پیمرا کے شکایتی مرکز میں والدین کی جانب سے ٹی وی چیبنلز پر تشدد، جرائم، جنسی ہراساں، دہشت گردی اور اغوا وغیرہ کے واقعات کی بار بار کوریج پر پابندی کے لیے شکایات موصول ہوچکی ہیں جبکہ مختلف فورمز پر بھی اس کے خلاف آواز اٹھائی جارہی ہے۔