زندگی لازوال نہیں مگر خوبصورت تو بنائی جاسکتی ہے
یہاں حرکت بقا کی واحد ضامن ہے اور کوئی حرکت رونما نہیں ہوسکتی جب تک روح اور مادے کا باہمی اشتراک نہ ہو۔
زندگی بھی ایک کتاب کی مانند ہے اور ہم وقت کے کورے کاغذ پر اپنی خوشیوں اور غموں کی سیاہی سے لمحہ بہ لمحہ احوال درج کیے جاتے ہیں۔ اگر اس کتابِ زیست میں خوشگوار زندگی رقم کرنی ہے تو کچھ سنہری باتوں کو گانٹھ کر باندھ رکھیں، جو نوع انسان کے تجربات اور علم و دانش سے ہمیں حاصل ہوئی ہیں۔ اس تحریر میں ایسے ہی چند رموز و حیات پیش خدمت ہیں۔
محبت
محبت میں شدت بھی ہوتی ہے اور گہرائی بھی، شدت تو وقت کے ساتھ کم ہوتی جاتی ہے لیکن گہرائی بڑھتی چلی جاتی ہے۔ کبھی آپ نے پرانی محبتیں دیکھی ہیں؟ مائی بابے کی آپس میں محبت۔ بوڑھے والدین کی جوان اولاد سے محبت۔ پرانے دوستوں کی بڑھاپے میں محبت۔ یہ پرانی محبتیں ہوتی ہیں، ان میں شدت نہیں ہوتی لیکن یہ گہرے رشتے ہوتے ہیں، کبھی ٹوٹتے نہیں اور جو محبتوں میں شدت برقرار رکھنے کا غیر فطری تقاضا کرے گا، اس کے رشتے بکھر جائیں گے۔