پی پی 168 ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا
سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے خالی کردہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 168 پر حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے میدان مار لیا۔
ریٹرننگ افسر (آر او) کو آر ٹی ایس کے تحت موصول ہونے والے حلقے کے تمام 83 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق حکمراں جماعت کے ملک اسد کھوکھر نے 17 ہزار 579 ووٹ حاصل کیے، جبکہ (ن) لیگ کے امیدوار رانا خالد قادری 16 ہزار 892 ووٹ حاصل کر سکے۔
یوں پی ٹی آئی کے امیدوار نے 687 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔
ملک اسد کھوکھر کی جیت کی خوشی میں کھلاڑیوں نے نعرے بازی کی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔
کامیاب امیدوار نے کہا کہ وہ اپنی جیت پارٹی چیئرمین اور وزیر اعظم عمران خان کے نام کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی وسطی پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے کامیابی کو لاہور میں تبدیلی قرار دیا۔
واضح رہے کہ عام انتخابات میں حلقے سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے پی ٹی آئی کو بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔
تاہم یہ نشست ضمنی انتخابات میں سعد رفیق کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔
اس فتح کے بعد تحریک انصاف کی لاہور میں صوبائی نشتوں کی کل تعداد 9 ہو گئی ہے۔