پاکستان

نیب کا مریم اورنگزیب کو نوٹس کا مقصد انہیں خاموش کرانا ہے،شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے پارٹی قیادت اور اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے نامعلوم درخواست پر نوٹس دیئے جانے کا مقصد انہیں خاموش کرانا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کا مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا جس میں ارکین پارلیمنٹ نے پارٹی قیادت اور اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔

اراکین نے کہا کہ جس جرات اور بہادری سے پارٹی قیادت نے نیب کی انتقامی کارروائیوں کا سامنا کیا ہے اس نے پارٹی کو ایک نیا حوصلہ اور ولولہ دیا ہے جبکہ حالات کیسے بھی ہوں پارٹی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت کے موقف کی فتح ہے کہ اب تک نیب کوئی الزام ثابت نہیں کر سکا۔

مشترکہ پارلیمانی پارٹی سے اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے خواجہ سعد رفیق کی سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کے لیے پوری ایمانداری، قومی جذبے اور دن رات مخلصانہ کوششیں کرکے قومی ادارے کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ سلمان رفیق میرے ساتھ پنجاب کابینہ میں شامل تھے، وہ بہت ہی شریف النفس انسان ہیں جنہوں نے محنت و ایمانداری سے کام کیا۔

مریم اورنگزیب سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ مریم اورنگزیب پارٹی کی بہت متحرک، محنتی اور زیرک رہنما ہیں جنہیں نیب نے نامعلوم درخواست پر نوٹس دیا ہے جس کا مقصد انہیں خاموش کرانا ہے۔

مزید پڑھیں: مریم اورنگزیب جھوٹی اور کسی جماعت سے مخلص نہیں، عطاالحق قاسمی کا الزام

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے نیب میں جتنی پیشیاں بھگتیں ہیں پاکستان کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، نواز شریف دور حکومت میں بجلی کا بہترین پروگرام بنایا گیا اور سی پیک کے علاوہ 5 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے گئے جس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں بجلی کے منصوبوں میں 160 ارب روپے کی بچت کی گئی اور یہ رقم قومی خزانے میں جمع کرائی گئی، گدو پاور پلانٹ میں لگنے والی مشینری کی بجلی کی پیداوار کی صلاحیت 54 فیصد تھی، جبکہ نواز شریف کی قیادت میں جو پانچ بجلی کے پلانٹس لگائے گئے ان کی جدید ترین بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 61 فیصد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو پاکستان کی خدمت کرنے کی سزا دی جارہی ہے، نواز شریف کا گزشتہ دور حکومت پاکستان کی تاریخ کا سب سے بہترین دور رہا جس کے دوران پاکستان نے بے مثال ترقی کے اہداف حاصل کیے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ 62 دن عقوبت خانے میں نیب حکام کو ایک، ایک منصوبے کی تفصیل بتائی جس پر وہ حیران ہوتے، مشکل وقت ضرور ہے لیکن مایوسی ہرگز نہیں، اللہ تعالیٰ ہمیں سرخرو کرے گا، عوام مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں جبکہ ہمیں بطور پارٹی خود احتسابی کرنی ہے اور غلطیوں سے سبق سیکھنا ہے۔