لائف اسٹائل

ایشا امبانی کی شادی گزشتہ 35 سال میں دنیا کی سب سے مہنگی شادی

دنیا کی سب مہنگی شادی برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کی تھی، تاہم وہ 4 دہائیاں قبل ہوئی۔
ایشا امبانی کھرب پتی شخص کے تین بچوں میں سے سب سے لاڈلی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

بھارت کے امیر ترین اور دنیا کے 19 ویں امیر ترین شخص 61 سالہ مکیش امبانی کی اکلوتی بیٹی 27 سالہ ایشا امبانی کی شادی کے یوں تو گزشتہ ایک ہفتے سے چرچے ہیں۔

تاہم وہ 12 دسمبر کو ممبئی میں اپنے والد کے 27 منزلہ دنیا کے دوسرے مہنگے ترین اور پر تعیش گھر میں کھرب پتی شخص 63 سالہ اجے پیرا مل کے 33 سالہ بیٹے آنند پیرامل سے شادی کریں گی۔

اگرچہ میکش امبانی کے مقابلے اجے پیرا مل کے پاس دولت بہت کم ہے، تاہم پھر بھی ان کے بچوں کی شادی گزشتہ 35 برس میں دنیا کی سب سے مہنگی شادی ہونے جا رہی ہے۔

فوبز کے مطابق مکیش امبانی کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 50 کھرب روپے تک ہے، جب کہ اجے پیرا مل کے اثاثے 10 کھرب روپے سے بھی کم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی مہنگی ترین شادی کا چونکا دینے والا خرچہ

اگرچہ یہ خبریں پہلے ہی آ چکی تھیں کہ مکیش امبانی نے اپنی بیٹی کی شادی میں دنیا بھر سے 600 عالمی شخصیات کو مدعو کیا تھا اور انہیں دعوت ناموں میں سونے کی مالائیں بھی پیش کی گئی تھیں۔

ہلیری کلنٹن مکیش اور نیتا امبانی کے ہمراہ—فوٹو: انسٹاگرام

یہ خبریں بھی پہلے آ چکی تھیں کہ مہمانوں کو بھارتی ریاست راجستھان کے شہر ادے پور لانے کے لیے 100 جیٹ طیاروں اور درجنوں جیگوار، مرسڈیز، پورشے اور بی ایم ڈبلیو جیسی لگژری گاڑیوں کو مہمانوں کو بک کیا گیا۔

یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ ایشا امبانی کی شادی کی 9 سے 11 دسمبر تک ہونے والی تقریبات میں بھارت بھر کے 108 آرٹس اور رسومات کے کرتبوں سے مہمانوں کو محفوظ کیا گیا۔

علاوہ ازیں کھرب پتی خاندان نے 51 ہزار افراد کے چار دن تین وقت کا کھانا بھی دیا اور شادی کی تقریبات میں دنیا کی مہنگی ترین پاپ گلوکارہ بیونسے سمیت بولی وڈ کے مہنگے ترین اداکاراؤں کو بھی رقص اور پرفارمنس کے لیے خریدا گیا۔

ڈی این اے انڈیا نے اپنی رپورٹ میں مکیش امبانی کی کمپنی ’رلائنس انڈسٹریز’ سے منسلک ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک کے اندازوں کے مطابق ایشا امبانی اور آنند پیرامل کی شادی پر 10 کروڑ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 14 ارب روپے سے زائد کا خرچہ کیا جائے گا۔

دولہا اور دلہن اپنے والدین کے ہمراہ—فوٹو: انسٹاگرام

رپورٹ کے مطابق دونوں کھرب پتی بچوں کی شادی مکیش امبانی کے پرتعیش 27 منزلہ گھر میں ہوگی، جسے دلہن کی طرح سجادیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایشا امبانی کی شادی کے حوالے سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، اضافی پولیس کی نفری سمیت نجی سیکیورٹی گارڈز کمپنیوں کی خدمات بھی حاصل کرلی گئیں۔

مزید پڑھیں: ایشا امبانی کی شادی: بیونسے کا رقص، ہلیری کلنٹن کی آمد اور اسٹارز کے جلوے

رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ ایشا اور آنند کی شادی کی تقریب میں زیادہ مہمان نہیں بلکہ دونوں خاندان کے انتہائی قریبی اور اعلیٰ شخصیات شامل ہوں گی۔

بیونسے کو 4 گانوں پر پرفارمنس کے 30 سے 40 کروڑ روپے دیے گئے—فوٹو: انسٹاگرام

دوسری جانب ہندوستان ٹائمز نے بھی بتایا کہ اب تک کی سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق ایشا امبانی کی شادی پر 10 ارب روپے سے زائد کا خرچ کیا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ شادی کی تقریبات میں پرفارمنس کرنے والی امریکی پاپ گلوکارہ بیونسے کو 30 سے 40 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 30 سے 40 کروڑ روپے ادا کیے گئے۔

اس سے پہلے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بیونسے کو 15 کروڑ روپے تک ادا کیے جائیں گے، تاہم اب انہیں اس سے دگنی رقم ادا کی گئی۔

اسی طرح خیال کیا جا رہا ہے کہ دیگر فنکاروں اور مہمانوں کو بھی پہلے سامنے آنے والی رقم سے زیادہ رقم دی گئی ہوگی، تاہم دیگر فنکاروں کو فراہم کیے گئے معاوضے کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔

یہ بھی پڑھیں: وہ شادی جس میں بیونسے، ہلیری اور سلمان خان جیسے لوگ فروخت ہوئے

ایشا امبانی کی شادی کی راجستھان کے شہر ادے پور میں ہونے والی تقریبات کی سامنے آنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں بولی وڈ کے بڑے سے بڑے اسٹارز کو بھی ایک عام شخص کی طرح بیک اسٹیج اور بیک سپورٹ ڈانسر کی طرح رقص کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

ایشا امبانی غریب مہمانوں کو خود کھانا کھلاتی نظر آئیں—فوٹو: انسٹاگرام

اگر ایشا امبانی کی شادی کے مجموعی خرچے کا موازنہ دنیا کی سب سے مہنگی ترین شادیوں میں کیا جائے تو گزشتہ 35 برس میں یہ دنیا کی سب سے مہنگی شادی ہوگی۔

جب کہ مجموعی طور پر یہ شادی اب تک کی دنیا کی دوسری مہنگی ترین شادی ہوگی۔

فنانس آن لائن کی ایک رپورٹ کے مطابق اب تک کی دنیا کی سب سے مہنگی شادی 1981 میں ہونے والی برطانوی شہزادے چارلس اور لیڈی ڈیانا کی تھی، جس پر مجموعی طور پر 11 کروڑ ڈالر خرچہ کیا گیا تھا۔

شادی میں بڑے بڑے بولی وڈ اسٹارز بھی عام فنکاروں کی طرح نظر آئے—فوٹو: انسٹاگرام

اب 35 برس سے زائد عرصے کے بعد ایشا امبانی اور آنند پیرا مل کی شادی میں 10 کروڑ ڈالر خرچہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: ایشا امبانی کی شادی کا انوکھا کارڈ

اسی طرح دنیا کی 10 مہنگی ترین شادیوں میں ایشا امبانی کی شادی اب تک دوسرے نمبر پر ہے، جب کہ ان کی شادی گزشتہ 4 دہائیوں میں ہونے والی سب سے مہنگی شادی قرار دی جا رہی ہے۔

اسی طرح دنیا کی تیسری مہنگی شادی کا درجہ بھی ایک بھارتی شادی کو حاصل ہے۔

ارب پتی بھارتی شخص لکشمی متل کی بیٹی ونیشا متل کی 2004 میں فرانس میں ہونے والی شادی کو اب تک کی تیسری مہنگی ترین شادی کا درجہ حاصل ہے۔

ونیشا متل کی شادی پر 6 کروڑ 60 لاکھ امریکی ڈالر کا خرچہ کیا گیا تھا۔

چوتھے نمبر پر مہنگی ترین شادی برطانوی شہزادے ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی 2011 میں ہونے والی شادی ہے، جس میں 4 کروڑ ڈالر سے کچھ کم خرچہ کیا گیا۔

شادی کے بعد ایشا امبانی اپنے شوہر کے ساتھ والد کی جانب سے دیے گئے 450 کروڑ کے گھر میں رہیں گی—فوٹو: انسٹاگرام