سپریم کورٹ کراچی رجسٹری، چیف جسٹس کی آمد پر فریادیوں کا جمِ غفیر
سپریم کورٹ کے سامنے سڑکیں بند اور مظاہرین کے جمع ہونے کی وجہ سے ملحقہ سڑکوں پر شدید ٹریفک کا دباؤ دیکھنے میں آیا۔
کراچی : سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی آمد کے موقع پر سپریم کورٹ کے باہر درخواست گزاروں کا مجمع لگ گیا۔
کراچی رجسٹری میں کیس کی سماعت کی وجہ سے سپریم کورٹ کے سامنے کی سڑک دونوں اطراف سے بیرئیر لگا کر ٹریفک کے لیے بند کردی اور میڈیا سمیت نجی گاڑیوں کا بھی آنا جانا ممنوع قرار دے دیا گیا۔
بڑی تعداد میں پریشان حال لوگ سپریم کورٹ کے باہراحتجاج کے لیے جمع ہوئے جن کے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے رہائشی اور کاروباری مقامات پر تجاوزات گرانے سے روک دیا
ان افراد میں لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور جبری برطرفی کے خلاف آواز بلند کرنے والے میڈیا ملازمین، تبادلہ تقرریاں، دوکانوں اور تجاوزات کو مسمار کرنے کیخلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین شامل تھے۔