پنکی میم صاب کی ’پنکی‘ نے فلم بینوں کے دل جیت لئے
فلم کی ایڈیٹنگ کو مزید مربوط بنا کر عکس بندی کی خامیوں کو کنٹرول کیا جاتا تو یہ فلم کافی حد تک متاثر کن ہوسکتی تھی۔
پاکستانی فلم انڈسٹری میں جس طرح سے مصالحہ فلموں کا رواج تقویت پاچکا ہے۔ فلم میکرز کی پہلی ترجیح فکاہیہ اسکرپٹ ہے خواہ اس میں کہانی ناپید ہو اور مکالموں کے نام پر گھٹیا اور ذومعنی فقروں کی بھرمار ہی کیوں نہ ہو۔ ایسے میں پنکی میم صاحب تازہ ہوا کا ایک جھونکا ہے۔
پنکی میم صاحب دبئی میں مقیم خاتون ڈائریکٹر شازیہ علی خان کی کاوش ہے۔ فلم کا اسکرپٹ بھی انہوں نے ہی تحریر کیا ہے۔ فلم پنجاب کی ایک دیہاتی، سیدھی سادھی لڑکی کی کہانی ہے جسے شادی کے کئی برس بعد اولاد نہ ہونے کی وجہ سے اس کا شوہر طلاق دے دیتا ہے اور وہ اپنے گھر والوں کی کفالت کے لئے ایک رشتہ دار کی سفارش پر دبئی میں ایک برگر کلاس پاکستانی جوڑے کے گھر میں بطور نوکرانی آتی ہے۔