شاہد کپور بھی کینسر کے شکار؟ حقیقت کیا ہے
گزشتہ دنوں بھارتی میڈیا میں دعویٰ سامنے آیا تھا کہ بولی وڈ اسٹار شاہد کپور میں معدے کے کینسر کی اسٹیج 1 تشخیص ہوئی اور پھر یہ بات جنگل کے آگ کی طرح پھیل گئی۔
حالیہ عرصے میں متعدد بولی وڈ اسٹارز میں سنگین امراض بشمول کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔
جیسے سونالی باندرے اس وقت کینسر کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں اور حال ہی میں ممبئی واپس لوٹی ہیں۔
مزید پڑھیں : شاہد کپور کی اہلیہ ان کے بارے میں کیا سوچتی ہیں؟
رشی کپور رواں سال ستمبر میں کسی نامعلوم مرض کا علاج کرارہے ہیں جس کے بارے میں افواہیں ہیں کہ وہ کینسر کا شکار ہیں جبکہ عرفان خان کئی ماہ تک لندن میں کینسر کا علاج کراتے رہے ہیں۔
ان سب کو دیکھتے ہوئے مداحوں میں شاہد کپور کی خبر پر تشویش حیرت کی بات نہیں۔
اب اداکار کے خاندان نے اس پر خاموشی توڑ دی ہے۔
زی نیوز کی رپورٹ کے مطابق شاہد کپور کے خاندان کے ایک فرد نے بتایا 'لوگ کچھ بھی کیسے لکھ سکتے ہیں؟ آخر خبر کا ذریعہ کیا ہے؟ اس طرح کی افواہیں پھیلانے کو کس طرح جائز قرار دیا جاسکتا ہے؟'
یہ بھی پڑھیں : شاہد کپور ان کی اہلیہ اور 'زین کپور'
شاہد کپور کی منیجر نے بھی اس خبر کو جعلی قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہد کپور اس افواہ کے پھیلنے پر حیران ہوگئے اور خوب قہقہے بھی لگائے۔
شاہد کپور اس وقت کبیر سنگھ نامی فلم میں کام کرنے والے ہیں جو کہ 2017 کی تیلگو ہٹ فلم کا ہندی ریمیک ہے۔