پاکستان

’بنی گالا کی تجاوزات گرانے کے معاملے پر سب کو سانپ سونگھ جاتا ہے‘

غریبوں پر مہنگائی کا طوفان گرایا گیا، بجلی،گیس مہنگی ہوئی، ڈالر کی قدر اور قوم پر قرضہ بڑھ گیا، حمزہ شہباز

پاکستان مسلم لیگ(ن) کےرہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ تجاوزات کی آڑ میں غریبوں سے روزگار چھینا جارہا ہے لیکن چیف جسٹس کے کہنے کے باوجود بنی گالا کی تجاوزات گرانے پر سب کو سانپ سونگھ جاتا ہے۔

لاہور میں پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 186 میں ضمنی انتخابی مہم کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قدر میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی حکومت کے آتے ہی آئے دن اسٹاک مارکیٹ کریش ہوتی ہے جس وجہ سے لوگوں کے اربوں کھربوں روپے اسٹاک مارکیٹ میں ڈوب چکے ہیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عوام دیکھ رہے ہیں کہ 'تجاوزات کی آڑ میں غریبوں پر ظلم کیا جارہا ہے لیکن اس نئے پاکستان میں چیف جسٹس کہتا ہے کہ بنی گالہ کی تجاوزات گراؤ تو تجاوزات گرانے والوں کو سانپ سونگھ جاتا ہے'۔

مزید پڑھیں : حمزہ شہباز نیب کی ٹیم کے سامنے پیش

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے ووٹوں پر ڈاکا ڈالا گیا لیکن پاکستان کے عوام 13 دسمبر کو ایک مرتبہ پھر فیصلہ کریں گے۔

حمزہ شہباز نے عمران خان کو تنقیدی انداز میں مسٹر کلین کا نام دیتے ہوئے کہا کہ 'قوم سچ جاننا چاہتی ہے کہ علیمہ خان کے پاس اتنی دولت کہاں سے آئی، اب قوم جھوٹ پر انہیں بھاگنے نہیں دے گی اور نیازی کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں'۔

انہوں نے کہا کہ حکومت گورنر ہاؤس کی دیواریں گرائے یا بھینسیں بیچ کر تماش بینی کر لے لیکن دیامیر بھاشا ڈیم تو مسلم لیگ (ن) بناکر دکھائےگی۔

حمزہ شہباز نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص کنٹینر پر چڑھ کر کہتا تھا کہ قرض لینا پڑا تو خودکشی کرلوں گا۔

انہوں نے کہا کہ کبھی وزیر خزانہ کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کے پیچھے نہیں چھپیں گے لیکن اگلے دن ملک میں آئی ایم ایف کا وفد آجاتا ہے وہ اس سے ملاقاتیں بھی کرتے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادے کا کہنا تھا کہ 'ایک دن وزیر کہتا ہے کہ بجلی مہنگی نہیں ہونی اور اگلے دن مہنگی ہوجاتی ہے، گیس 16فیصد سے ساڑھے 3 سو فیصد مہنگی کردی گئی ہے'۔

یہ بھی پڑھیں : حمزہ شہباز کی 13 نومبر تک حفاظتی ضمانت منظور

انہوں نے کہا کہ 'آج قوم 100 دن کا حساب مانگتی ہے یہ 100 دنوں کا پھندا بھی آپ نے خود اپنے گلے میں ڈالا ہے، آپ جواب دیں 100 دن میں آپ نے کیا کیا'۔

حمزہ شہباز نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ '100 دنوں میں غریبوں پر مہنگائی کا طوفان گرایا گیا، بجلی اور گیس مہنگی ہوئی، ڈالر کی قدر بڑھ گئی اور پاکستانی قوم پر بھی قرضہ بڑھ گیا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ 100 دنوں میں کئی ہزار ارب روپے قرض کا اضافہ ہوا ہے'۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے پی ٹی آئی کی جانب سے خیبر پختونخوا میں تشکیل دیے گئے احتساب کے ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 5 سال میں کروڑوں روپے خرچ کرکے بھی احتساب کا ادارہ چلنے نہیں دیا گیا۔

حمزہ شہباز نے کہاکہ 'جسے اللہ عزت دے کوئی اس سے عزت چھین نہیں سکتا، 100 پیشیوں سے زیادہ بھگتنے والا نواز شریف کے فیصلے میں جج صاحب کو لکھنا پڑجاتا ہے کہ نواز شریف کے خلاف کرپشن ثابت نہیں ہوا'۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف 2 ماہ سے گرفتار ہیں ان پر کرپشن ثابت نہیں ہوئی، احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ نیب کاغذی کارروائی کرتا رہا اور شہباز شریف کے خلاف کِک بیکس یا دوسرا کوئی کرپشن ثابت نہیں کر سکا۔

خیال رہے کہ شہباز شریف کو احتساب عدالت نے نیب کی حراست سے جیل بھیج دیا ہے جہاں وہ نیب کے زیرتفتیش ہیں۔