سام سنگ گلیکسی ایس 10 کے تینوں ماڈلز کی لیک تصاویر سامنے آگئیں
سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی 10 آئندہ چند ہفتوں میں متعارف ہونے والا ہے اور یہ تو سب کو اندازہ ہوچکا ہے کہ فیچرز کے لحاظ سے یہ جنوبی کورین کمپنی کی دیگر ڈیوائسز سے بالکل مختلف ہوگا۔
مگر اب تک اس کے مختلف ماڈلز کی واضح تصویر سامنے نہیں آئی تھی۔
مگر اب اسمارٹ فون کمپنیوں کی معلومات لیک کرنے والے معروف ٹوئٹر صارفین ایون بلاس اور آئس یونیورس نے گلیکسی ایس 10 کی تصاویر ٹوئیٹ کی ہیں۔
یہ سام سنگ کا فولڈ ایبل فون تو نہیں تاہم اگر لیک تصاویر حقیقی ہیں تو یہ نئے فونز ضرور چونکا دینے والے ہیں۔
گزشتہ ماہ کے آخر میں وال اسٹریٹ جرنل نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ سام سنگ کی جانب سے 3 ایس 10 فونز کی تیاری پر کام ہورہا ہے جن کا ڈسپلے سائز 5.8 انچ سے 6.4 انچ تک ہوگا۔
مزید پڑھیں : یہ ہے سام سنگ کا پہلا 5 جی پروٹوٹائپ اسمارٹ فون
ایون بلاس ماضی میں بھی مختلف کمپنیوں کے فونز کی حقیقی تصاویر پوسٹ کرچکے ہیں اور ایس 10 کے حوالے سے انہوں نے تینوں فونز کی تصویر شیئر کی۔
ان تینوں ماڈلز کو ایس 10 لائٹ، ایس 10 اور ایس 10 پلس کا نام دیا جائے گا، اور ان کا ڈسپلے بالترتیب 5.8 انچ، 6.1 انچ اور 6.4 انچ ہوگا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ لگ بھگ آئی فون ایکس ایس، آئی فون ایکس آر اور آئی فون ایکس ایس میکس جیسے ہی ہیں، بس معمولی فرق ہے اور وہ یہ کہ ایس 10 پلس 6.5 انچ کے آئی فون ایکس ایس میکس سے 0.4 انچ چھوٹا ہے۔
دوسری جانب آئس یونیورس نے ایس 10 لائٹ کی تصاویر شیئر کی ہیں۔
اس فون میں ایس 9 پلس کی بجائے نوٹ 8 اور نوٹ 9 جیسے ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ نظر آرہا ہے جبکہ یہ بھی عندیہ ملتا ہے کہ اسکرین خم ایجز کی بجائے فلیٹ ہوگی۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ سام سنگ کی جانب سے فلیگ شپ ایس سیریز کا فون خم ایجز کے بغیر متعارف کرایا جارہا ہے۔
اسی طرح پاور بٹن ممکنہ طور پر فنگرپرنٹ سنسر کا کام بھی کرے گا اور یہ بھی سام سنگ کے کسی فلیگ شپ فون میں پہلی بار ہوگا۔
اس بات کا امکان بھی ہے کہ گلیکسی ایس 10 کے ایک ماڈل میں فنگرپرنٹ سنسر ڈسپلے کے اندر نصب کیا جائے گا۔
سام سنگ کی جانب سے پہلے سے زیادہ طاقتور پراسیسر ممکنہ طور پر کوالکوم اسنیپ ڈراگون 855، نیورول پراسیسنگ یونٹ اور پہلے سے بہتر کیمرے دیئے جائیں گے تاہم ایس 10 لائٹ میں پراسیسر مڈرینج ہوگا جبکہ کچھ فیچرز بھی کم ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : سام سنگ کا پہلا 12 جی بی ریم اور 1 ٹی بی اسٹوریج والا فون
سام سنگ کی جانب سے ایس 10 کا ایک فائیو جی ورژن بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہےجو کہ 12 جی بی ریم اور 1 ٹی بی اسٹوریج والا دنیا کا پہلا اسمارٹ فون بھی ہوگا جبکہ اس کے بیک پر 4 اور فرنٹ پر 2 کیمرے دیئے جائیں گے۔
اسی طرح ایس 10 پلس میں تین کیمروں پر مشتمل رئیر سیٹ اپ دیا جاسکتا ہے۔
سام سنگ کی جانب سے گلیکسی ایس 10 کے ماڈلز آئندہ سال کے شروع میں موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔