ہواوے کی گرفتار خاتون افسر پر امریکا سے دھوکے کا الزام
اسمارٹ فونز تیار کرنے والی دنیا کی تیسری بڑی چینی کمپنی ’ہواوے‘ کی کینیڈا میں گرفتار کی گئی چیف فنانشل افسر (سی ایف او) مینگ وانژو پر امریکا سے دھوکے کرنے کا الزم عائد کردیا گیا۔
مینگ وانژو کو رواں ماہ کے آغاز میں کینیڈین پولیس نے امریکی درخواست پر حراست میں لیا تھا، تاہم ان کی گرفتار 6 دسمبر کو ظاہر کی گئی تھی۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے بتایا تھا کہ امریکی حکام کو شبہ ہے کہ مینگ وانژو نے ایران پر عائد امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کی۔
ابھی یہ مکمل طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ مینگ وانژو نے کس طرح خلاف ورزی کی، تاہم 7 دسمبر کو انہیں کینیڈا کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ان کے خلاف امریکا کے ساتھ دھوکے کے الزام کے تحت سماعت کی گئی۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ نے اپنی خبر میں بتایا کہ مینگ وانژو کے خلاف لگائے گئے الزامات پر کینیڈا کی ریاست برٹش کولمبیا کی سپریم کورٹ نے 5 گھنٹے تک طویل سماعت کی، تاہم عدالتی کارروائی کسی نتیجے کے بغیر ہی ختم ہوگئی۔