لائف اسٹائل

ایوینجرز 4 کا ٹریلر اور نام آخرکار سامنے آگئے

ایوینجرز 4 کا پہلا ٹریلر اور نام مداحوں کو کئی ماہ تک انتظار کرانے کے بعد آخرکار سامنے آگیا ہے۔

ایوینجرز 4 کا پہلا ٹریلر مداحوں کو کئی ماہ تک انتظار کرانے کے بعد آخرکار سامنے آگیا ہے اور اس میں فلم کے نام کا اعلان بھی کردیا گیا۔

اس فلم کی ٹیگ لائن وہ سفر جو ختم ہوگیا، رکھی گئی ہے۔

مارول اسٹوڈیوز نے ایوینجرز انفٹنی وار کی ریلیز کے بعد سے اگلے حصے کے نام کو خفیہ رکھا ہوا تھا اور لوگوں کو اس کے بارے میں جاننے کا بہت زیادہ اشتیاق تھا بلکہ متعدد نام سامنے بھی آئے۔

مزید پڑھیں : وہ فلم جس کے ٹریلر اور نام کا انتظار کروڑوں افراد کو

اب ایوینجرز انفٹنی وار اور 4 کے ڈائریکٹر انتھونی اور جو روسو کی جانب سے ٹوئیٹ کے ذریعے فلم کا ٹریلر جاری کیا گیا اور اس کے اختتام پر نام دیکھا جاسکتا ہے۔

گزشتہ ماہ جو روسو نے انکشاف کیا تھا کہ فلم تاحال ایڈیٹنگ مراحل سے گزر رہی ہے اور اس کا دورانیہ ابھی 3 گھنٹے سے زیادہ ہے۔

اگر یہ دورانیہ برقرار رہا تو یہ مارول اسٹوڈیوز کی سب سے طویل فلم ہوگی (ابھی یہ ریکارڈ انفٹنی وار کے پاس ہے جس کا دورانیہ 2 گھنٹے 40 منٹ تھا)۔

یہ فلم اپریل کے آخر اور مئی کے شرو ع میں دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی اور اس کے ساتھ مارول سینماٹک یونیورس فیز 3 کا اختتام بھی ہوجائے گا اور اس میں معلوم ہوگا کہ گزشتہ فلم میں مرنے والے ہیروز کی واپسی کیسے ممکن ہوتی ہے اور کتنے ہیروز اس سپرہیرو دنیا کو الوداع کہہ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : ایوینجر: انفٹنی وار توقعات پر کتنی پوری اتر سکی؟

اپریل سے مسلسل سوشل میڈیا پر ٹریلر کی ریلیز کی افواہیں سامنے آتی ہیں اور وہ تاریخ گزر جانے پر ایک اور تاریخ سامنے آجاتی۔

ڈائریکٹرز نے مداحوں کے اشتیاق کو خوب آزمایا اور اپنے ٹوئیٹ میں انہوں نے لکھا 'دنیا کے بہترین مداحوں کے لیے، یہ ٹریلر آپ کے لیے ہے، آپ کے صبر پر شکرگزار ہیں'۔