زرین خان کا قابل اعتراض میسج بھیجنے پر مینجر کے خلاف مقدمہ
سلمان خان کی فلم ویر سے کیریئر کا آغاز کرنے والی اداکارہ کو بولڈ ہارر فلموں کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔
بولی وڈ اداکارہ زرین خان یوں تو گزشتہ چند ماہ سے کسی فلم میں دکھائی نہیں دی، تاہم ان کے حوالے سے تازہ خبر نے سب کو حیران کردیا۔
بولڈ ہارر اور کامیڈی فلموں میں اداکاری کے جلوے دکھانے سے شہرت حاصل کرنے والی 31 سالہ اداکارہ زرین خان نے اپنی ہی خاتون مینجر کے خلاف ہراساں کرنے اور نازیبا پیغامات بھجوانے کا مقدمہ درج کروادیا۔
دکن کیرونیکل نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اداکارہ کے وکیل رضوان صدیقی نے اس بات کی تصدیق کی اداکارہ کی فریاد پر ممبئی کے کھار پولیس تھانے میں تعزیرات ہند کی دفعہ 509 کے تحت مقدمہ دائر کروادیا گیا۔
اداکارہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ مقدمے میں زرین خان کی سابق مینجر انجلی اتھ کو نامزد کیا گیا۔