لائف اسٹائل

فلم ساز سبھاش گھائے جنسی ہراساں کے الزام سے بری

بولی وڈ فلم ساز پر رواں برس اکتوبر میں ایک خاتون اور ایک اداکارہ نے جنسی طور پر ہراساں کرنے اورریپ کا الزام عائد کیا تھا

رواں برس ستمبر میں بولی وڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے اداکار نانا پاٹیکر پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگا کر ’می ٹو‘ مہم کا آغاز کیا تھا۔

تنوشری دتہ کے بعد کنگنا رناوٹ سمیت کئی اداکارائیں سامنے آئیں اور انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور نازیبا رویوں کے خلاف کھل کر بات کی۔

نہ صرف اداکارائیں اور ماڈلز بلکہ بھارت کی خواتین صحافی بھی سامنے آئیں اور انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والے نازیبا واقعات پر کھل کر بات کی۔

خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام جہاں بولی وڈ ہدایت کار وکاس بہل پر لگا، وہیں ہدایت کار سبھاش گھائے پر بھی الزامات عائد کیے گئے۔

سبھاش گھائے پر رواں برس اکتوبر میں ایک خاتون اور ماڈل و اداکارہ کیٹ شرما نے بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سبھاش گھائے پر بھی خواتین کا ریپ اور جنسی ہراساں کا الزام

سماجی کارکن ماہمیا ککرجی نے اپنی ٹوئیٹس میں دعویٰ کیا تھا کہ 73 سالہ سبھاش گھائے نے ایک خاتون کو منشیات دینے کے بعد ان کا ریپ کیا تھا۔

اس الزام کے بعد ماڈل و اداکارہ کیٹ شرما نے بھی سبھاش گھائے پر الزام عائد کیا تھا۔

سبھاش گھائے تال سمیت کئی مشہور فلمیں بنا چکے ہیں—فوٹو: انڈین ایکسپریس

اداکارہ نے الزام عائد کیا تھا کہ سبھاش گھائے نے انہیں رواں برس 6 اگست کو اپنے گھر پر بلایا اور نصف درج افراد کے سامنے مساج کرنے کی فرمائش کی۔

کیٹ شرما کے مطابق انہوں نے ہدایت کار کی خواہش کے مطابق لوگوں کے سامنے ان کی مساج کی، تاہم اس کے بعد بھی ہدایت کار بعض نہ آئے اور ان سے انتہائی نامناسب کام کا مطالبہ کردیا۔

اداکارہ کے مطابق جب وہ ہدایت کار کا مساج کرنے کے بعد فارغ ہوکر دوسرے کمرے میں گئیں تو سبھاش گھائے وہاں آگئے اور انہیں زبردستی بوسہ دینے کی کوشش بھی کی۔

اداکارہ نے سبھاش گھائے کے خلاف رواں برس اکتوبر میں ممبئی کے وروسوا تھانے میں شکایت بھی درج کروائی تھی، تاہم بعد ازاں اداکارہ نے شکایت واپس لی تھی۔

مزید پڑھیں: اداکارہ نے سبھاش گھائے کے خلاف درخواست واپس لے لی

گزشتہ ماہ 24 نومبر کو خبر سامنے آئی کہ کیٹ شرما نے سبھاش گھائے کے خلاف درج کرائی گئی شکایت واپس لے لی۔

کیٹ شرما نے تاحال کسی فلم میں کام نہیں کیا—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ نے شکایت واپس لینے کا سبب بتاتے ہوئے کہا کہ ان پر اپنی بیمار والدہ اور خاندان کی ذمہ داری ہے، تاہم جب سے انہوں نے سبھاش گھائے پر الزام عائد کیا ہے اس کے بعد سے ان کی والدہ خاصی پریشان ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے خاندان اور اپنی بیمار والدہ کا خیال رکھنا ہے، ان کے پاس اتنا وقت نہیں کہ ان کے ساتھ جو کچھ بھی ہوا وہ اس پر انصاف حاصل کرنے کے لیے ادھر سے اُدھر پھر سکیں‘

اور اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ کیٹ شرما کی جانب سے شکایت کی درخواست واپس لیے جانے کے بعد پولیس نے سبھاش گھائے کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کا مقدمہ ختم کرتے ہوئے انہیں بری کردیا۔

ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں شوبز ویب سائیٹ کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے فلم ساز کے خلاف مقدمہ ختم کرتے ہوئے انہیں کلین چٹ دے دی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس نے سبھاش گھائے کے خلاف اداکارہ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے حوالے سے ہر طرح کی تفتیش بند کردی گئی۔

رواں برس یہ پہلا موقع ہے کہ بھارت میں کسی شخص کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات سے پولیس نے بری کیا۔

کیٹ شرما نے گزشتہ ماہ درخواست واپس لی تھی—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا