لائف اسٹائل

فلموں کے بعد مادھوری ڈکشٹ حقیقی سیاست میں آنے کو تیار

ماضی کی ڈانس گرل اب سیاسی میدان میں تہلکہ مچائیں گی، نریندر مودی کی پارٹی انہیں ٹکٹ دے گی۔

پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت میں آئندہ برس کے وسط سے قبل عام انتخابات ہوں گے، جس کے لیے وہاں کی سیاسی پارٹیاں ابھی سے ہی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

بھارت کی دیگر سیاسی پارٹیوں کی طرح حالیہ یونین حکمران جماعت ’بھارتی جنتا پارٹی‘ (بی جے پی) بھی تیاریوں میں مصروف ہے اور وہ اس بار کچھ نئے چہرے بھی انتخابی میدان میں اتارنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اگرچہ بھارت کی دیگر سیاسی پارٹیاں بھی شوبز اور اسپورٹس اسٹارز کو انتخابی میدان میں اتارتی ہیں، تاہم کانگریس اور بی جے پی اس عمل میں دیگر پارٹیوں سے آگے ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ بی جے پی آئندہ عام انتخابات میں کئی اداکاروں کو میدان میں اتارے گی، ان اداکاروں میں ماضی کی ڈانس گرل مادھوری ڈکشٹ بھی شامل ہیں۔

اداکارہ پہلی بار انتخاب لڑیں گی—فوٹو: مادھوری انسٹاگرام

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بی جے پی نے 2019 کے عام انتخابات کے لیے امیدواروں کی فہرست کو شارٹ لسٹ کرلیا اور اس فہرست میں 51 سالہ مادھوری ڈکشٹ کا نام بھی شامل ہے۔

رپورٹ میں بی جے پی کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مادھوری ڈکشٹ کو ریاست مہارا شٹر کے شہر پونے سے لوک سبھا کے حلقے سے ٹکٹ دیے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں برس جون میں بی جے پی کے سربراہ امت شاہ نے مادھوری ڈکشٹ سے ملاقات بھی کی تھی، جس دوران اداکارہ کو انتخابی میدان میں اتارے جانے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: کنگنا رناوٹ آئندہ برس عام انتخابات میں حصہ لیں گی؟

اگرچہ انتخابات جیتنے کے بعد نریندر مودی کے ساتھ کئی بولی وڈ اسٹارز بھی ملتے دکھائی دیے اور بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے ان اسٹارز کو اہمیت بھی دی گئی، جس وجہ سے یہ خبریں بھی رہیں کہ 2019 کے عام انتخابات میں بی جے پی کئی شوبز اسٹارز کو انتخابی میدان میں اتارے گی۔

اداکارہ نے درجنوں معروف فلمیں کیں—فوٹو: مادھوری انسٹاگرام

تاہم تاحال مادھوری ڈکشٹ کے علاوہ دیگر شوبز شخصیات کو انتخابی امیدواروں کے لیے شارٹ لسٹ کیے جانے کے حوالےسے کوئی خبر سامنے نہیں آئی۔

خیال رہے کہ مادھوری ڈکشٹ ریاست مہارا شٹر کے دارالحکومت ممبئی میں پیدا ہوئیں، تاہم انہیں اسی ریاست کے شہر پونے سے ٹکٹ دیے جانے کا امکان ہے۔

مادھوری ڈکشٹ نے 1984 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے اب تک درجنوں کامیاب بولی وڈ فلموں میں کام کیا۔

مادھوری ڈکشٹ نے بھارت کی دیگر زبانوں یعنی تیلگو اور تامل زبانوں میں بننے والی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

انہیں بولی وڈ کی ڈانس گرل بھی کہا جاتا ہے، انہوں نے کئی مشہور بولی وڈ گیتوں پر ڈانس پرفارمنس کرکے بھارت کی نوجوان لڑکیوں کو رقص میں مہارت حاصل کرنے کے حوالے سے بھی تیار کیا۔

مادھوری ڈکشٹ نے 1999 میں ماہر امراض قلب شری رام مدھاو نینے سے شادی کی اور امریکا منتقل ہوگئیں، جہاں وہ ایک دہائی تک رہیں۔

ایک دہائی امریکا میں رہنے کے بعد وہ مادھوری ڈکشٹ واپس بھارت منتقل ہوئیں، جہاں وہ ڈانس ریئلٹی شوز، تھیٹرز، ڈراموں اور فلمی منصوبوں میں مصروف ہوگئیں۔

مادھوی ڈکشٹ کو 2 بچے بھی ہیں اور اب وہ زیادہ تر ڈانس ریئلٹی شوز میں بطور جج شرکت کرتی نظر آتی ہیں۔

اب اداکارہ ڈانس ریئلٹی شوز میں نظر آتی ہیں—فوٹو: مادھوی انسٹاگرام