دنیا

امریکی صدر کا اپنے سابق وکیل کو طویل عرصے تک جیل میں رکھنے کا مطالبہ

مائیکل کوہین نے اپنے مقصد کےلیے جھوٹ بولا اور میرے خیال میں انہیں مکمل سزا ملنی چاہیے، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کے سامنے جھوٹ بولنے پر اپنے سابق وکیل مائیکل کوہین کو ’طویل عرصے تک قید‘ میں رکھنے کا مطالبہ کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہین کی جانب سے 2016 کی انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ کے کہنے پر روس کے ساتھ ریئل اسٹیٹ معاہدے سے متعلق کانگریس کے سامنے جھوٹ بولنے کا اعتراف کیا تھا، جس کے بعد امریکی صدر کی جانب سے یہ مطالبہ سامنے آیا۔

انہوں نے اپنے الزام کو دہراتے ہوئے کہا کہ خصوصی وکیل رابرٹ میولر گواہوں کو مجبور کر رہے ہیں کہ وہ صدر کو نقصان پہنچانے کے لیے جھوٹ بولیں۔

مزید پڑھیں: روس کا امریکی پابندیوں کے جواب میں کارروائی پر غور

واضح رہے کہ رابرٹ میولر روس اور ٹرمپ کی مہم کے درمیان ممکنہ ملی بھگت کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کا مطلب ہے کہ وہ فراڈ، بینک قرضے، ٹیکسز اور تمام وہ چیزیں کریں جو خوفناک ہوں اور ٹرمپ کے لیے غیر متعلقہ ہو اور وہ طویل مدت کے لیے جیل نہ جائے؟

سابق وکیل کے بارے میں انہوں نے لکھا کہ ’انہوں نے اپنے اس مقصد کےلیے جھوٹ بولا اور میرے خیال میں انہیں مکمل سزا ملنی چاہیے‘۔

یاد رہے کہ مائیکل کوہین امریکی صدر کے قریبی ساتھی اور ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں میں سے ایک تھے، تاہم گزشتہ ہفتے انہوں نے ماسکو میں ٹرمپ ٹاور پر ماسکو کی طاقتور شخصیات کے ساتھ رابطے کے بارے میں اپنی گواہی میں جھوٹ بولنے کا اعتراف کیا تھا۔

مائیکل کوہین نے اعتراف کیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صدر کے لیے ریپبلکن کی نامزدگی حاصل کرنے کے بعد وہ 2016 کی پہلی ششماہی کے درمیان ان رابطوں میں رہے، جس میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن بھی شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا نے روس کے ساتھ تاریخی جوہری معاہدہ ختم کردیا

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی مہم 2015 کے بعد مسلسل اس معاہدے پر بات چیت کو مسترد کرتے رہے ہیں لیکن مائیکل کوہن نے عدالت کو بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے اہل خانہ کے رکن نے اس بات چیت کے بارے میں آگاہ کیا تھا، جو صدارتی انتخابات سے کچھ ماہ قبل 2016 کے وسط تک جاری رہی تھی۔

دوسری جانب ٹیکس چوری، مالیاتی فراڈ اور مہم کے دوران مالی خلاف ورزیوں کے ایک سے زائد مرتبہ اعتراف کرنے والے مائیکل کوہن کو نیویارک کی وفاقی عدالت سے ’مخصوص مدت‘ کی سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

مائیکل کوہین کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل میولر کی تحقیقات سے مکمل تعاون کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے، لہٰذا وہ قید سے بچنے کے مستحق ہیں۔