سونالی باندرے کینسر کے علاج کے بعد بھارت پہنچ گئیں
43 سالہ اداکارہ کو رواں برس جولائی میں کینسر لاحق ہوگیا تھا اور وہ علاج کے لیے امریکا منتقل ہوگئی تھیں۔
بولی وڈ اداکارہ سونالی باندرے نے رواں برس 4 جولائی کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ انہیں ہائی گریڈ کینسر لاحق ہوگیا۔
اداکارہ نے اگرچہ یہ نہیں بتایا تھا کہ انہیں جسم کے کس حصے میں کینسر ہے، تاہم انہوں نے بتایا کہ وہ علاج کے لیے امریکی شہر نیویارک میں موجود ہیں۔
بعد ازاں اداکارہ نے دوران علاج بھی متعدد سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے اپنی حالت اور خیالات سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا۔
اپنی پوسٹس کے ذریعے سونالی باندرے نے جہاں اپنے مداحوں کو اپنے علاج اور بہتر ہوتی طبیعت سے متعلق مسلسل آگاہ کیا، وہیں وہ بعض مرتبہ مایوس بھی دکھائی دیں۔