شاہ محمود قریشی کے ’گوگلی‘ بیان پر سشماسوراج کی تنقید
بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ’گوگلی‘ سے متعلق بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ کے نزدیک سکھ برادری کے جذبات کا کوئی احترام نہیں اور آپ صرف گوگلی کراتے ہیں‘۔
واضح رہے کہ 29 نومبر کو وزیراعظم عمران خان نے اپنے دور اقتدار کے 100 روز مکمل ہونے پر کارکردگی سے متعلق خطاب کیا اور اسی تقریب کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی تقریر کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم، حکومت کی 100 روزہ کارکردگی پر کل قوم کو آگاہ کریں گے
شاہ محمود قریشی نے کرتارپورراہداری کی افتتاحی تقریب کو عمران خان کی ’گوگلی‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’بھارتی حکومت کو مجبوراً اپنے 2 وزرا کو افتتاحی تقریب میں بھیجنا پڑا‘۔
جس کے جواب میں بھارتی وزیر خارجہ نے ٹوئٹر پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ ’آپ کے ڈرامائی انداز میں گوگلی بیان سے کوئی اور نہیں آپ ایکسپوز ہوئے، یہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ کے نزدیک سکھ برادری کے جذبات کا کوئی احترام نہیں، آپ صرف گوگلی کھیلتے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے وضاحت کرنے دیں کہ ہم آپ کی گوگلی میں پھنسے، ہمارے دو سکھ وزرا مقدس کرتارپور صاحب میں خصوصی عبادت کی ادائیگی کے لیے گئے تھے‘۔
مزیدپڑھیں: شاہ محمود قریشی اور سشما سوراج کی ملاقات پر بھارت رضامند
واضح رہے کہ پاکستان نے کرتارپور راہداری کے افتتاحی تقریب میں 17 بھارتی صحافیوں سمیت سشما سوراج، پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ اور کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو کو مدعو کیا تھا۔
سشماسوراج کی تنقید پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’(بھارتی وزیر خارجہ) نے جان بوجھ کر (میرے) بیان کو غلط مفہوم اور گمراہ کن تاثر دینے کی کوشش‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم سکھ برادری کے جذبات کی دل کی گہرائیوں سے عزت کرتے ہیں لیکن متنازع بحث و مباحثے سے حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا‘۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا مودی کو خط، باقاعدہ مذاکرات شروع کرنے پر زور
شاہ محمود قریشی نے کرتارپور رہدارای کی افتتاحی تقریب کو ’نیک بنیادوں پر تاریخی اقدام‘ قرار دیا۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ’یہ درست سمت کی جانب ایک قدم ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کے ایسے اقدامات سے مناسب رویے اور امن جنم لے گا‘۔
وزارت خارجہ نے بھی کرتارپور راہداری سے متعلق بھارتی میڈیا کی جانب سے منفی پروپیگنڈے پر افسوس کا اظہار کیا۔