لائف اسٹائل

شراب کی ایک بوتل 20 کروڑ روپے میں فروخت

شراب 1926 میں تیار کی گئی تھی، 60 سال بعد 1986 میں دیدہ زیب بوتل میں ڈالا گیا تھا۔

ویسے تو دنیا بھر میں نایاب ہیرے، پینٹنگ، لباس، گھڑیاں اور گاڑیاں مہنگے دام فروخت ہوتی ہیں۔

تاہم انگلینڈ کے دارالحکومت لندن میں پہلی بار قدیم شراب کی پرانی بوتل 20 کروڑ روپے میں فروخت کی گئی ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب شراب کی کوئی بوتل اتنے مہنگے دام فروخت ہوئی ہو، گزشتہ ماہ ہی برطانیہ کے شہر ایڈن برگ میں شراب کی ایک بوتل 14 کروڑ روپے سے زائد کی فروخت کی گئی تھی۔

امریکی اقتصادی جریدے ’فوربز‘ نے رپورٹ میں بتایا کہ شراب کی یہ بوتل لندن کے ایک آکشن ہاؤس (نیلام گھر) میں فروخت کی گئی۔

اس بوتل میں 92 سال قبل بنائی گئی شراب تھی، جسے 32 سال پہلے انتہائی خوبصورت اور نفیس بوتل میں ڈالا گیا تھا۔

بوتل 15 لاکھ امریکی ڈالر میں فروخت ہوئی—فوٹو: میگزم ڈاٹ کام

جس وقت یہ شراب بوتل میں ڈالی گئی تھی، اس وقت شراب کو بنے ہوئے 60 سال ہو چکے تھے اور اسی وجہ سے ہی بوتل پر 60 سال کو واضح طور پر تحریر کیا گیا تھا۔

یہ بوتل لندن کے ’کرسیچیز وائن اینڈ اسپرٹس‘ نیلام گھر میں فروخت ہوئی اور حیران کن طور پر شراب کی ایک بوتل 15 لاکھ امریکی ڈالر یعنی 20 کروڑ روپے سے بھی زائد میں فروخت ہوئی۔

جہاں اس شراب کے بارے میں یہ بتایا گیا کہ یہ 92 سال قبل تیار ہوئی تھی، وہیں یہ بھی سامنے آیا کہ اس کی تیاری برطانیہ کی ریاست اسکاٹ لینڈ میں ہوئی تھی۔

کمپنی نے اسی قسم کی دیگر بوتلیں بھی بنوا رکھی ہیں—فوٹو: ہیرالڈ اسکاٹ لینڈ

یہ شراب بوتل میں 1986 میں ڈالی گئی تھی، اس وقت شراب کو تیار ہوئے 60 سال گزر چکے تھے جبکہ اب 32 سال بعد اسے فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔

شراب کی تیاری، بوتل کے ڈیزائن اور پھر اسے فروخت کے لیے پیش کرنے میں مجموعی طور پر تقریبا ایک صدی لگ گئی۔

یہ واضح نہیں ہے کہ اس شراب کو تیار کرنے میں کتنا عرصہ لگا، تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ اسکاٹ لینڈ سمیت دیگر یورپی ممالک میں ماضی میں شراب کی تیاری میں کئی سال لگ جاتے تھے۔

20 کروڑ روپے سے زائد میں فروخت ہونے والی شراب کی اس بوتل کی خاص بات اس کا دیدہ زیب ڈیزائن بھی تھا۔

بوتل پر واضح درج ہے کہ شراب کب بنی اور کب بوتل میں ڈالی گئی—فوٹو: سی این این

یہ بوتل اور اس طرح کی دیگر بوتلوں کا ڈیزائن ہاتھ سے بنایا گیا تھا اور اسکاٹ لینڈ کی کمپنی ‘دی میکالن‘ نے ان بوتلوں کا ڈیزائن بنانے کے لیے آئرلینڈ اور اٹلی سمیت دیگر یورپی ممالک کے فن کاروں کی خدمات حاصل کی تھیں۔

20 کروڑ روپے میں فروخت ہونے والی شراب کی بوتل پر ہاتھ سے کمپنی کا نام لکھنے سمیت یہ بھی درج کیا گیا کہ اس میں شراب کتنے عرصے کے بعد ڈالی گئی۔

اس بوتل کا ڈیزائن آئرلینڈ کے فنکار مائیکل ڈلان نے ہاتھ سے تیار کیا تھا۔

اتنی بڑی رقم سے شراب کی ایک بوتل کی فروخت عالمی ریکارڈ بن چکا ہے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی اس کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا، کیونکہ دنیا میں امیر عیاش افراد کو ایسی اشیاء پر دولٹ لُٹانے کا ہی ماہر مانا جاتا ہے۔

فوری طور پر تو یہ سامنے نہیں آ سکا کہ اس شراب اور بوتل کا خریدار کون ہے، تاہم سوشل میڈیا پر تنقید بھی کی جا رہی ہے کہ اتنی بڑی رقم کسی مثبت اور تعمیری کام پر بھی خرچ ہو سکتی تھی۔

بوتل کا ڈیزائن انتہائی دیدہ زیب ہے—فوٹو: فوربز