وزیراعظم عمران خان نے ضلع نارووال کے علاقے کرتارپور میں قائم گردوارا دربار صاحب کو بھارت کے شہر گورداس پور میں قائم ڈیرہ بابا نانک سے منسلک کرنے والی راہداری کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔
سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب میں چیف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، دیگر وفاقی وزرا، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، سرکاری عہدیدار، بھارتی وزرا اور مختلف ممالک کے سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر بھارت کی وفاقی وزیر خوراک ہرسمرت کور بادل، وفاقی وزیر ہاؤسنگ ہردیپ پوری، بھارتی صحافی اور پاکستان اور بھارت سے آئے ہوئے بڑی تعداد میں سکھ زائرین بھی شریک ہوئے۔
سنگ بنیاد کی تقریب کے آغاز میں سکھ برادری کے زائرین سے متعلق ایک دستاویزی فلم نشر کی گئی جس کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے تقریب سے خطاب کیا۔
بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرتارپور دربار کو بہتر سے بہترین کریں گے اور سہولیات دیں گے، جب بابا گرونانک کا 550 واں جنم دن آئے گا تو ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جب بھی بھارت جاتا تھا کہ تو کہا جاتا تھا کہ پاکستانی کی سیاسی قیادت ایک طرف ہے لیکن فوج دوستی نہیں ہونے دے گی لیکن آج میں یہ کہتا ہوں کہ بطور وزیرِاعظم، میری جماعت اور پورے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور مسلح افواج، ہمارے سارے ادارے ایک پیج پر کھڑے ہیں، ہم بھارت کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مسئلہ ایک ہے اور وہ کشمیر کا ہے، انسان چاند پر پہنچ چکا ہے تو کیا ہم اپنا ایک مسئلہ حل نہیں کرسکتے، اس کے لیے دونوں طرف ارادے والی قیادت چاہیے، میں یقین دلاتا ہوں کہ اگر ارادہ ہو تو یہ مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔