ایل جی کا 16 کیمروں والا اسمارٹ فون تیار کرنے کا ارادہ
دو ، 3 یا 4 کیمروں والے اسمارٹ فون تو اب عام ہوتے جارہے ہیں مگر جنوبی کورین کمپنی ایل جی ہر قسم کے ریکارڈ توڑنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ایل جی نے کچھ عرصے قبل فرنٹ اور بیک پر مجموعی طور پر 5 کیمروں والا فون وی 40 متعارف کرایا تھا مگر اب وہ 16 بیک کیمروں والی ڈیوائس کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔
مزید پڑھیں : دنیا کا پہلا 5 کیمروں والا اسمارٹ فون متعارف
ایسا فون جس کے بیک پر 16 کیمرے ہوں، اس کا پیٹنٹ ایل جی نے امریکا میں جمع کرایا ہے۔
ایسا ایل 16 نامی کیمرہ تو موجود ہے جس میں سولہ کیمرے دیئے گئے ہیں مگر اس کی قیمت 2 ہزار ڈالرز ہے اور پروفیشنل فوٹوگرافر ہی اس کو صحیح طرح استعمال کرسکتے ہیں۔
ایل جی کا مجوزہ فون ایک شاٹ میں مختلف چیزوں کو کیمرے کی آنکھ میں بند کرسکے گا، تھری ڈی موویز بنانے کے ساتھ تصاویر کو اپنی مرضی سے بدلنے کا موقع بھی فراہم کرے گا، جیسے کسی کا سر گھما دینا یا مکمل طو رپر بدل دینا۔
ایل جی کے پیٹنٹ میں ایک مثال بھی دی گئی ہے کہ کس طرح ایک سنگل شاٹ کو مختلف زاویوں سے لیا جاسکتا ہے جبکہ سبجیکٹ کا سر موڑا جاسکتا ہے اور اپنی پسند کے مطابق گھمایا جاسکتا ہے۔