کھیل

سنیل نارائن کا پی ایس ایل4 کیلئے پاکستان آنے کا اعلان

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے ویسٹ انڈین اسپنر نے پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے لیے پاکستان آنے کا اعلان کیا۔

ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز اسپنر سنیل نرائن نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے لیے پاکستان آنے کا اعلان کردیا۔

سنیل نارائن پی ایس ایل کے گزشتہ ایڈیشن میں لاہور قلندرز کا حصہ تھے لیکن رواں سال لیگ کے ڈرافٹ سے قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان معاملات طے پا گئے تھے اور سنیل نارائن ٹریڈ کی بدولت کوئٹہ گلیڈ ایٹرز کا حصہ بن گئے تھے۔

مزید پڑھیں: پاکستان سپر لیگ کی تمام ٹیموں کی حتمی تفصیل

سنیل نارائن نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں پی ایس ایل کے لیے پاکستان آنے کا اعلان کیا۔

ویسٹ انڈین اسپنر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کا حصہ بن کر بہت پرجوش ہوں اور پر امید ہوں کہ پاکستان آ کر آپ لوگوں کے لیے ٹائٹل جیتوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیوین براوو کا پی ایس ایل کیلئے پاکستان آنے کا اعلان

یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی کھلاڑی نے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے پاکستان آنے کا اعلان کیا ہے بلکہ اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہی ویسٹ انڈین آل راؤنڈر ڈیوین براوو بھی پاکستان آنے کا اعلان کر چکے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14فروری 2019 کو رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں ہو گا۔