پاکستان

عمران خان کی بہن کو ملنے والی چھوٹ دیگر کو بھی دی جائے، خورشید شاہ

جس دن اپوزیشن حکومت کے پیچھے پڑ گئی تو حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکے گی، رہنما پیپلز پارٹی

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے قومی احتساب بیورو (نیب) نے جس طرح وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کو 50 فیصد کی چھوٹ دی اس طرح دیگر لوگوں کو بھی رعایت دی جائے۔

سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس دن اپوزیشن حکومت کے پیچھے پڑ گئی تو اس کے بعد حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکے گی ملک میں یہ نظام نہیں چل سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: کالا باغ ڈیم کی بحث فیڈریشن سے کھیلنے کے مترادف، خورشید شاہ

ان کا کہنا تھا کہ کہ پارلیمنٹ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما سعد رفیق نے کھل کر بات کی اور عقوبت خانوں پر زبان بندی نہیں کی جاسکتی، نیب نے تو پروفیسر کو تک ہتھکڑیاں لگا دی تھیں اور انہی پروفیسر نے عقوبت خانوں کا راز فاش کیا۔

انہوں نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یوٹرن لینے والے پر کون سا بیرون ملک اعتماد کرے گا، عمران خان پہلے وزیر اعظم ہے جو بیرون ملک جاکر اپنے ملک کو ’بدنام’ کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو رہنما اپنی سیاست میں ہٹلر اور نپولین کی مثال دے، ہم انتظار میں ہیں کہ عوام خود ہٹلر والے بیان پر بولےاور ان سے سوال کرے۔

مزید پڑھیں: ‘قومی خزانے کو ایسے لٹایا گیا جیسے ڈاکو ڈانس پارٹی میں لٹاتے ہیں’

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ یہ عجیب معاملہ ہے کہ وزیراعظم از خود عوام کو کنٹینر کی دعوت دے رہے ہیں۔

خورشید شاہ نے عدلیہ کے حوالے سے کہا کہا کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا احترام اور ان کے جذبے کی قدر کرتاہوں لیکن ڈیمز کے لیے 5 فیصد فنڈز بھی جمع نہیں ہوسکے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ 200 ارب روپے لانے کی باتیں کرنے والے بتائیں رقم کہاں ہے، اب تو 28 نومبر کو ان کے 100 دن پورے ہوجائیں گے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے کرپٹ لوگوں سے چھٹکارہ حاصل کرنےکی بات کی تھی لیکن ان کی کابینہ میں 70 فیصد وہی لوگ ہیں جو سابق صدر جنرل پرویز مشرف کی کابینہ میں شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ: شیخ رشید کے ’غیر پارلیمانی جملے‘ پر اپوزیشن کا واک آؤٹ

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اپنا 51واں یوم تاسیس کا جلسہ سکھر میں منعقد کرکے شہر کو اعزاز بخشا ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے کوڑے کھائے، ہم نے جو سیاست کی وہ کوئی اور نہیں کرسکتا اور یوم تاسیس پیپلزپارٹی کےورکرز اور عوام کا دن ہے۔