خیبرپختونخوا: اورکزئی میں دھماکا، 32 افراد جاں بحق، 31 زخمی
صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں دھماکے کے نتیجے میں 32 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا لوئر اورکزئی ایجنسی کے کلایا بازار میں امام بارگاہ کے قریب ہوا۔
کوہاٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) ہسپتال کے ایم ایس فاروق شاہ نے تصدیق کی کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 32 ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’امریکا کو افغانستان میں ناکامی کا سامنا ہوا اس لیے پاکستان کو ہر مشکل حالات سے نمٹنے کی تیاری کرنی چاہیے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں ہر حال میں اپنے قبائلیوں علاقوں میں غیر معمولی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہوگا خصوصاً ہمارے لوگوں کے تحفظ کے لیے‘۔
مقامی پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تاحال معلوم نہیں ہوسکا تاہم دھماکے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے، جن میں بیشتر کی حالت تشویش ناک ہے اور اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔