لائف اسٹائل

منشا پاشا، علی کاظمی اور ’لال کبوتر‘

دونوں اداکار ہدایت کار کمال خان کی فلم ’لال کبوتر‘ میں مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

پاکستان کی جلد ریلیز ہونے والی فلم ’لال کبوتر‘ کو بھلے ہی نئے ہدایت کار کمال خان بنا رہے ہیں تاہم اس فلم کی کاسٹ کا حصہ پاکستان کے نامور اداکار بن چکے ہیں۔

اداکارہ منشا پاشا اور اداکار علی کاظمی نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ یہ دونوں فلم میں مرکزی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے فلم میں اپنے کردار کے حوالے سے منشا نے بتایا کہ ’فلم لال کبوتر کی کہانی ایک ایسی لڑکی پر ہے جو اپنی زندگی میں ایک مسائل سے گزرتی ہے اور پھر اس سے کیسے خود کو بچاتی ہے‘۔

منشا نے یہ بھی بتایا کہ فلم کے باقی تمام کردار ان کے کردار سے جڑے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب علی کاظمی نے ڈان کو بتایا کہ ’میں فلم میں ایک صحافی کا کردار ادا کررہا ہوں، ایک بہت سمجھدار شخص، اسے فارغ وقت میں اپنے کام کی باتیں کرنا پسند نہیں، اور وہ اپنی بیوی سے سب سے زیادہ محبت کرتا ہے’۔

دونوں اداکاروں نے بتایا کہ یہ فلم ایک نیا تجربہ ہوگی۔

مزید پڑھیں: منشا پاشا کراچی کے جرائم اور پراسراریت پر فلم کا حصہ

علی کاظمی کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال سے یہ فلم بالکل الگ ہے، جس طرح ہدایت کار کمال اسے بنا رہے ہیں یہ صرف فلم نہیں ایک تجربہ ہوگا‘۔

منشا کا کہنا تھا کہ ’فلم میں کراچی کی حقیقی شکل دکھائی جائے گہ جبکہ یہ پاکستانی سینما کے لیے بالکل الگ فلم ہوگی‘۔

فلم ’لال کبوتر‘ میں منشا پاشا اور علی کاظمی کے علاوہ احمد علی اور سلیم میراج بھی اہم کردار کرتے نظر آئیں گے۔

فلم 2019 میں ریلیز ہوگی۔