جشن عید میلاد النبیﷺ کے رنگ
اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں سرکاری اور نجی عمارتوں اور مساجد کو سجایا گیا ہے۔
پاکستان بھر میں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جشن ولادت کی تیاریاں عروج پر ہیں اور روایتی جوش و خروش سے منانے کی تیاریاں حتمی شکل اختیار کر چکی ہیں۔
پاکستان بھر میں 21 نومبر(بدھ) کو جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مذہبی جذبے سے منایا جائے گا۔
جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں شہر گاؤں ہر گلی اور چپہ چپہ مختلف انداز میں سجایا گیا ہے اور پوسٹر اور مختلف رنگوں کی روشنیاں لگائی گئی ہیں۔
سرکاری اور نجی عمارتوں کے علاوہ مساجد کو سبز جھنڈیوں، رنگا رنگ بینرز سے سجایا گیا ہے اور جلوسوں کے روٹ پر خوش آمدیدی پیغامات درج کیے گئے ہیں۔
امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے بھی غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ حکومت سندھ نے کراچی اور دیگر اضلاع میں موبائل سروس بند کرنے کی سفارش کی ہے۔