پاکستان

اداکارہ میرا سیٹھی نے دیرینہ دوست سے منگنی کرلی

نجم سیٹھی کی بیٹی نے خود سے بڑی عمر کے شخص کے ساتھ منگنی کی اطلاع خود دی۔

رواں برس ریلیز ہونے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’سات دن محبت ان’ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ اور سابق صحافی میرا سیٹھی نے اپنے دیرینہ دوست سے منگنی کرلی۔

32 سالہ اداکارہ نے اپنے قریبی دوست اور پی ایچ ڈی ہولڈر بلال سے منگنی کرلی، جنہوں نے اداکاری کی طرح آکسفورڈ یونیورسٹی میں ہی تعلیم حاصل کی۔

میرا سیٹھی نے اپنی طویل انسٹاگرام پوسٹ میں نہ صرف قریبی دوست سے منگنی کی تصدیق کی، بلکہ انہوں نے ان سے اپنی محبت کے آغاز اور اب تک کی ہونے والی تمام ملاقاتوں کی تفصیلات بھی بتائیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ اگرچہ دونوں نے ایک ہی یونیورسٹی میں وطن سے دور تعلیم حاصل کی، تاہم ان کی ملاقات وہاں نہیں بلکہ اپنے ہی ملک میں ہوئی اور پھر ان کی ملاقاتیں آہستہ آہستہ گہری دوستی اور محبت میں تبدیل ہوئیں۔

میرا سیٹھی کے مطابق انہوں نے بلال کے ساتھ نہ صرف بیکار گانوں پر ڈانس کیا ہے بلکہ وہ ان کے ساتھ ویرانوں اور صحراؤں میں بھی گھومی ہیں اور دونوں نے ایک ساتھ گزارے گئے ہر ایک لمحے کو انجوائے کیا۔

سینیئر صحافی اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کی بیٹی نے بتایا کہ انہیں بلال کے ساتھ 2017 میں محبت ہوئی جو اب رشتہ داری میں بدل گئی۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ اپنے منگیتر کے ساتھ اسلام آباد اور لاہور سمیت آسٹریلوی شہر لزبن، بیلجیم کے شہر برسلز، نیدر لینڈ کے شہر ایمسٹریڈم، امریکی شہروں نیو یارک، سان فرانسسکو اور رینو میں ایک ساتھ گھوم اور وقت گزار چکی ہیں۔

خیال رہے کہ میرا سیٹھی نے اب تک صرف ایک ہی فلم ’سات دن محب ان’ میں کام کیا ہے، تاہم انہوں نے متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

میرا سیٹھی نے 2013 میں اداکاری کی شروعات کی، وہ اداکاری سے قبل امریکا میں صحافت کی ذمہ داریاں بھی نبھا چکی تھی۔میرا سیٹھی نامور صحافی اور پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کی بیٹی ہیں۔

میرا سیٹھی کی والدہ جگنو محسن بھی جہاں صحافت میں اپنی ذمہ داریاں نبھا چکی ہیں، وہیں وہ اب ٹی وی چینلز پر پروگرامات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

میرا سیٹھی اور بلال کی منگنی کی تقریب میں دونوں کے خاندان کے افراد اور انتہائی قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی، دونوں نے شادی کا اعلان نہیں کیا، تاہم امکان ہے کہ آئندہ سال کے آخر تک دونوں کی شادی ہوجائے گی۔