کراچی: لائٹ ہاؤس، آرام باغ میں تجاوزات کےخلاف آپریشن، 800 دکانیں مسمار
بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) اور دیگر اداروں نے لائٹ ہاؤس اور آرام باغ کے علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے تقریباً 800 دکانیں مسمار کردیں۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی کی دیگر اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں زور و شور سے جاری ہیں۔
صدر اور اطراف کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر تجازوات ختم کرنے کے بعد آپریشن کا رُخ دیگر علاقوں کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔
پیر کے روز بھاری مشینری کے ذریعے لائٹ ہاؤس اور آرام باغ میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے عہدیداران نے کہا کہ شہر قائد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے تیسرے ہفتے کے دوران شہر کی معروف مارکیٹس میں تقریباً 800 دکانیں مسمار کی گئیں۔
عہدیداران نے کہا کہ انسداد تجاوزات عملے نے بھاری مشینری کی مدد سے آرام باغ فرنیچر مارکیٹ کے قریب 350 جبکہ لائٹ ہاؤس کے قریب 450 دکانیں مسمار کیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں تجاوزات کی اجازت صرف امیروں کو ہے
کے ایم سی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آپریشن کی نگرانی کمشنر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن نے کی جنہوں نے کہا کہ کسی کو ایک انچ جگہ پر بھی غیر قانونی تعمیرات کے اجازت نہیں دی جائے گی۔