پاکستان

گلگت: سائبر کرائم ایکٹ کے تحت 208 مقدمات درج

سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں اور فرقہ وارانہ مواد کی تشہیر پر 125 افراد کے نام شیڈول فور میں شامل کیے گئے، پولیس
|

گلگت بلتستان پولیس نے ایک سال کے دوران سائبر کرائم ایکٹ کے تحت 208 مقدمات درج کرکے ایک سو 25 افراد کو شیڈول فور میں شامل کیا۔

اس حوالے سے ڈان نیوز کو موصول ہونے والی ایک دستاویز کی کاپی کے مطابق گلگت بلتستان پولیس کے صوبائی ہیڈکوارٹر میں سوشل میڈیا کی نگرانی کے لیے آئی ٹی سیل قائم کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: سائبر کرائم ایکٹ کے تحت عدالت نے پہلی سزا سنادی

جس نے ایک سال کے دوران سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں اور فرقہ وارانہ مواد کی تشہیر پر سائبر کرائم ایکٹ کے تحت 208 مقدمات درج کیے۔

جن میں ریاست مخالف مقدمات کی تعداد 133 اور 75 فرقہ وارانہ مواد سے متعلق مقدمات شاملِ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فیس بک اور ٹوئٹر کے 130 صارفین کو بلاک کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سائبر کرائم کی تحقیقات: ایف آئی اے کے پاس صرف 10 ماہرین کی موجودگی کا انکشاف

اسی علاوہ سوشل میڈیا پر موجود 77 پیجز بھی بلاک کیے گئے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق ریاست مخالف سرگرمیوں اور فرقہ وارانہ مواد کی تشہیر میں ملوث 10 اضلاع کے 125 افراد کو شیڈول فور میں شاملِ کیا گیا۔