’والد کی دوسری شادی کیلئے ماں نے اپنے ہاتھوں سے تیار کیا‘
بولی وڈ اداکار سیف علی خان پہلی مرتبہ اپنی بیٹی سارہ کے ہمراہ نامور بھارتی شو کافی ود کرن کا حصہ بنے۔
اس شو کے آغاز پر کرن جوہر نے اپنے آنجہانی والد یش جوہر کے ساتھ اپنے رشتے کے حوالے سے بات کی، جس کے بعد سیف علی خان اور سارہ کو شو پر متعارف کروایا۔
شو کے آغاز پر کرن جوہر نے سارہ علی خان سے سوال کیا کہ کیا وہ اس شو کا حصہ بن کر نروس ہیں کیوں کہ یہ ان کی فلموں کی ریلیز سے قبل نشر ہونے والا پہلا شو ہوگا۔
جس پر سارہ کا کہنا تھا کہ وہ نروس ہونے کے ساتھ ساتھ کافی خوش بھی ہیں۔
اس شو پر سارہ اور سیف نے اپنی فیملی کے حوالے سے بھی کئی اہم انکشافات کیے۔
مزید پڑھیں: سیف علی خان کی بیٹی رنبیر کپور کی دلہن بننے کی خواہاں
خیال رہے کہ سارہ، سیف علی خان اور امریتا سنگھ کی پہلی بیٹی ہیں۔
سیف علی خان کی سابق اہلیہ امریتا سنگھ سے ان کے دو بچے سارہ اور ابراہیم ہیں۔
اپنے والد کی دوسری شادی کے حوالے سے سارہ نے شو پر بتایا کہ ’ہر کوئی جانتا تھا کہ میرے ساتھ ان کا کیسا رشتہ ہوگا، مجھے کبھی کوئی پریشانی نہیں ہوئی، کرینہ نے بھی مجھ سے یہی کہا تھا کہ میری ایک والدہ ہیں جو کہ بہترین ہیں اور وہ میری والدہ نہیں دوست بننا چاہتی ہیں، میرے والد نے بھی کبھی یہ نہیں کہا کہ کرینہ میری دوسری والدہ ہیں‘۔